گالے،دبئی:کرک اگین رپورٹ
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ،ایک شکست سے آسٹریلیا کی بادشاہت ختم،پاکستان اور بھارت کو بھی جھٹکا۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر ڈرامائی تبدیلی،ایک شکست نے آسٹریلیا کو پہلی سے دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا۔ایک فتح نے سری لنکا کو چھٹے سے تیسرے نمبر پر پہنچادیا۔نتیجہ میں جنوبی افریقا کو پرواز مل گئی۔پاکستان کی تنزلی ہوگئی ہے۔بھارت کو بھی پستی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پیر کو سری لنکا کی آسٹریلیا کے خلاف ڈرامائی ٹیسٹ کامیابی ،سیریز کے ڈرا کرنے نے پوائنٹس ٹیبل کو ہلاکر رکھ دیا ہے،یہ صورتحال پاکستان کے لئے غیر مفید ہے،اس لئے کہ آسٹریلیا کی شکست سے دیگر ٹیمیں بدستور ریس میں ہیں۔سری لنکا کی یہاں مکمل شکست،پھر پاکستان کے ہاتھوں اگلی شکست اسے کافی دور کرسکتی تھی،اب سری لنکا کو وہ توانائی ملی ہے جو وہ پاکستان کے خلاف پوری طاقت سے استعمال کرنے والا ہے۔دونوں کا پہلا ٹیسٹ 16 جولائی سے شیڈول ہے۔
کینگروز کو اننگ کی مار،سری لنکا فاتح،ٹیسٹ سیریز ڈرا
آئی سی سی اپ ڈیٹ ٹیبل کے مطابق جنوبی افریقا 60 پوائنٹس مطلب 71.43 فیصد شرح کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا ہے۔آسٹریلیا جو پہلے 77 فیصد شرح کے ساتھ نمبر ون تھا۔ایک شکست کے بعد 84 پوائنٹس اور 70 فیصد پوائنٹس شرح کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔سری لنکا جو پہلے ساڑھے 47 فیصد شرح کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا،اب 54 سے زائد شرح اور52 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔
پاکستان بنا کھیلے تیسرے سے چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔،اس کے 44 پوائنٹس اور شرح 52 اعشاریہ38 ہے۔بھارت 75 پوائنٹس اور 52 اعشاریہ 08 شرح کے ساتھ 5 ویں اور ویسٹ انڈیز 50 فیصد شرح کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں یہ آسٹریلیا کی پہلی ناکامی ہے،اب تک اس نے 10 میچز کھیلے ہیں۔6 جیتے ہیں،3 ڈرا ہیں ،یہ پہلی شکست تھی۔