کرک اگین اسپیشل ڈیسک
پاکستان سپر لیگ 7 کا آغاز 27 جنوری سے ہورہا ہے،میچز کراچی اور لاہور میں شیڈول ہیں،تمام مقابلے لاہور شفٹ ہونے کے امکانات ہیں۔پا کستان سپر لیگ کی ریکارڈز بک کے سلسلہ کو شروع کرنے لگے ہیں،یہاں مختلف عنوانات کے ساتھ تمام ریکارڈز کا تذکرہ کیا جائے گا۔ساتھ میں دلچسپ واقعات بتائے جائیں گے۔
پاکستان سپرلیگ کی چیمپئنز،فائنلسٹ ٹیمیں،اہم ریکارڈ بھی ساتھ
یہاں اس سلسلہ کا ایک اہم باب پیش خدمت ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں زیادہ میچز کس نے کھیلے،کون سی ٹیم فتوحات میں آگے،ناکامی میں سر فہرست ہے۔
پشاور زلمی ان ٹیموں میں سے ایک ہے جو ایک بار چیمپئن بن چکی ہے،اسے دیگر ٹیموں کے مقابل سب سے زیادہ 70 میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے،یہ اہم نکتہ ہے کہ ملتان کو چھوڑ کرباقی ٹیموں کے ساتھ ہی پشاور زلمی نے آغاز کیا تو پھر اسلام آباد،کراچی کنگز کے 65،65 اور کوئٹہ کے 62 میچز کے مقابل زیادہ فرق کیوں ہے،اس کی وجہ یہ ہے کہ زلمی کو سب سے زیادہ پلے آف میچز کھیلنے کا اعزاز ہے۔
فتوحات میں بھی زلمی سب سے آگے ہے،اس نے 38 میچز جیت رکھے ہیں۔31 میں ناکامی ہوئی ہے،زیادہ میچز کی کامیابیوں کے باوجود بھی اسے ایونٹ کی سب سے کامیاب سائیڈ نہیں کہا جاسکتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کی کامیابی کا تناسب 55 اعشاریہ 7 ہے۔اس کے مقابلہ میںاسلام آباد یونائیٹڈ نے56 اعشاریہ 15 کی فتح کے تناسب سے پہلی پوزیشن بنارکھی ہے۔ایونٹ کی ناکام ترین ٹیم لاہور قلندرز ہیں۔کوئی ٹائٹل نہیں ہے۔59 میچز میں سے صرف 22 کامیابیاں ہیں۔35 ناکامیاں ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے 65 میچز کھیلے۔36 جیتے،28 ہارے،ایک میچ ٹائی کھیل کرجیتا۔یہ واحد ٹیم ہے جسے2 بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے۔
کراچی کنگز نے 65 میچز میں سے 28 میں کامیابی نام کی،33 میں شکست ہوئی۔2میچز ٹائی کھیل کر ایک جیتا،ایک ہارا۔ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ایک بار 2020 میں چیمپئن بنے۔
لاہور قلندرز نے 59 میچز میں سے صرف 22 میں فتح کا ذائقہ چکھا۔35 میں ہار کو گلے لگایا۔2میچز ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں ایک میں جیت ایک میں ہار درج کی۔کبھی ٹرافی نہیں اٹھائی۔
پشاور زلمی کے 70 میچزمیں 38 کی جیت،31 کی ناکامی ہے،ایک مقابلہ بے نتیجہ رہا۔ایک بار چیمپئن بنے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 62 میچز میں سے32 میں جیت،29میں ناکامی لکھوائی۔1 میچ بے نتیجہ کھیلا۔ایک بار یہ بھی ٹائٹل لے گئے۔
ملتان سلطانز کے لئے اہم بات یہ ہے کہ اس کا سفر ایونٹ کی شروعات کے 2 سال بعد شروع ہوا،اس لئے اس کے میچز سب سے کم 43 ہیں۔کامیابی وناکامی برابر 20،20 ہیں۔ایک میچ ٹائی ہوکر ہارے۔2میچز بے نتیجہ ہی رہے۔ایک بار چیمپئن بنے۔اس بار ایونٹ کا دفاع کریں گے۔