لاہور،پی سی بی پریس ریلیز
PCB Images
مختصر دورانیے کی ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والے عالمی پلیٹ فارم، ٹک ٹاک ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں اور آٹھویں ایڈیشن کا آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بن گیا ہے۔اس شراکت داری کے تحت آئندہ دو ایڈیشنز تک ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مداح ٹک ٹاک کے ذریعے ایسا کنٹنٹ تیار کرسکیں گے جسے دنیا بھر میں دیکھاجاسکے گا۔
جنوری کی 27 سے شروع ہونے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل 7 کا مکمل شیڈول،وقت،دن اور ٹائمنگ ساتھ
دو سالہ شراکت داری کے اس معاہدے کے تحت ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹک ٹاک کے ساتھ مل کر کنٹنٹ تیار کرے گا اورکرکٹ فینزہیش ٹیگ #KhelegaPakistan کا استعمال کرتے ہوئے پلیٹ فارم پر ٹورنامنٹ کے ناقابل فراموش لمحات کو ایک ساتھ منا سکیں گے، جسے دنیا بھر میں موجود ایک ارب سے زائد صارفین دیکھ سکیں گے۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے پی سی بی کا پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں سے تعلق مزید مضبوط ہوگا۔کرکٹ فینز اس ایپ پر پری اور پوسٹ میچ کنٹنٹ کے علاوہ میچ کی جھلکیاں بھی ملاحظہ فرماسکیں گے۔
اس سے قبل ٹک ٹاک نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ شراکت داری کاکامیاب معاہدہ کیا تھا جسے ڈیڑھ ارب مرتبہ دیکھا گیا۔
رمیز راجہ، چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ انہیں ٹک ٹاک کے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 او ر8 کے آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بننے پر خوشی ہے۔ ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارم نے سوشل میڈیا کنٹنٹ کی تخلیق میں انقلاب برپا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ شائقینِ کرکٹ کو معیاری کرکٹ کے ساتھ ساتھ بھرپور تفریح بھی فراہم کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے میڈیا، اسپانسرشپ اور براڈ کاسٹ رائٹس کی فروخت میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
پاکستان، مشرقِ وسطیٰ، ترکی اور افریقہ میں ٹک ٹاک کے ہیڈ آف برانڈ مارکیٹنگ پاؤل کاترب کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آئندہ دو ایڈیشنز کے لیے آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بننے پر خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک آن لائن انڈسٹری کا آج ایک بڑا میدان بن چکا ہے جہاں صارفین اپنا ویڈیو کنٹنٹ تیار کرکے کھیلتے ہیں۔ ٹک ٹاک اب اپنے صارفین کے لیے خصوصی طور پر اس ایونٹ سے متعلق مختلف ویڈیوز نشر کرے گا۔ وہ یہ ایپ استعمال کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کے لیے خصوصی فیچرز اور فلٹرز بھی متعارف کروائیں گے۔