| | | | |

کراچی کنگز اتوار کو پی ایس ایل سے باہر ہو سکتی،بابر اعظم کیا کہتے

 

لاہور۔پی سی بی میڈیا ریلیز

کراچی کنگز کے لئے لاہور کا پہلا میچ ہی ایونٹ سے اخراج کا سبب بن سکتا ہے۔پی ایس ایل 7 میں کراچی میں 5 میچز ہارنے والی ٹیم 13 فروری کو پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی۔ناکامی کا مطلب فائنل 4 سے قریب باہر ہونا ہوگا۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 27 جنوری سے شروع ہونے والی لیگ کا پہلا مرحلہ 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔

اس دوران مجموعی طور پر کھیلے گئے 15 سنسنی خیز میچز میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی بالادستی قائم رہی۔محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم ملتان سلطانز اب تک ٹورنامنٹ میں اپنے تمام پانچوں میچز میں کامیابی حاصل کرنے والی واحد ٹیم ہے۔

یوں تو ایونٹ کی تمام ٹیمیں ہی ابھی تک پلے آف میں رسائی کی امیدوار ہیں تاہم پہلے مرحلے میں اپنے تمام پانچوں میچز میں شکست کے باعث بابراعظم کی زیرقیادت کراچی کنگز کے لیے ٹورنامنٹ کے باقی ماندہ میچز جیتنا ناگزیر ہوگیا ہے۔

ایڈیشن 2016 اور 2018 کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان کی قیادت میں چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔ پانچ میں سے تین میچز جیتنے والی لاہور قلندرز کے پوائنٹس کی تعداد بھی چھ ہے تاہم وہ رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔

اب تک دو دو میچز جیتنے والی سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور وہاب ریاض کی پشاور زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب چوتھا اور پانچواں نمبر ہے۔

اُدھر ایونٹ کی تمام چھ ٹیموں کے کپتانوں کو لاہور میں کھیلے جانے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا شدت سے انتظار ہیں، جہاں ٹورنامنٹ کی چمچماتی ٹرافی کی یہ جنگ اپنے عروج پر ہوگی۔

شاداب خان، کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ وہ لاہور قلندرز کے خلاف سنسنی خیز میچ میں شکست کے باوجود کراچی میں کھیلے گئے پہلے مرحلے کے اختتام پر اپنی ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک بہترین برانڈ کی کرکٹ کھیلی ہے جو پوائنٹس ٹیبل پر ان کی دوسری پوزیشن سے بھی واضح ہوتا ہے۔

شاداب خان نے کہاکہ وہ ٹورنامنٹ میں اب تک اپنی انفرادی کارکردگی سے بھی مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کی تمام تر توجہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلے آف میں رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

بابراعظم، کپتان کراچی کنگز

کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہےکہ کراچی کنگز کے لیے کراچی میں کھیلا گیا ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ بہت مشکل رہا تاہم انہیں یقین ہے کہ یہ ٹیم ایونٹ میں شاندار کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بابراعظم نے کہا وہ پرامید ہیں کہ کراچی کنگز کی ٹیم اتوار کو پشاور زلمی سے شیڈول میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کا ہدف اب صرف دوسرے مرحلے کے تمام میچز جیتنا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی، کپتان لاہور قلندرز

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں شاندار کرکٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔ بحیثیت کپتان انہیں خوشی ہے کہ فخر زمان ایک بہترین فارم میں ہیں وہ تسلسل سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہاکہ لاہور قلندرز کے پاس عمدہ باؤلنگ اٹیک ہے جو لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے مرحلے کے میچز جیتنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہیں خوشی ہے کہ لیگ کے دوسرے مرحلے میں لاہور قلندرز اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے ایکشن میں ہوگی۔

محمد رضوان، کپتان ملتان سلطانز

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہےکہ انہیں اپنے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف میں شامل اسکواڈ کے ہر رکن پر فخر ہے۔ خوشی ہے کہ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل ہے۔

انہوں نےکہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی طرح اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھی ملتان سلطانز اپنے مخصوص برانڈ کی کرکٹ کھیلے گی، وہ لیگ کے دوسرے مرحلے میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

وہاب ریاض، کپتان پشاور زلمی

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے پہلے مرحلے میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی تاہم تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی میں پشاور زلمی کی ٹیم لاہور میں شیڈول لیگ کے دوسرے مرحلے میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ وہ لیگ کے دوسرے مرحلے میں زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹ کر پلے آف مرحلے میں رسائی کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سب جانتے ہیں کہ پشاور زلمی جب ایک بار پلے آف مرحلے میں پہنچ جائے تو پھر اسے روکنا آسان نہیں ہوتا ، لہٰذا وہ ایونٹ میں شاندار کم بیک کے لیے پرامید ہیں۔

سرفراز احمد، کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ جیسن رائے کی شاندار سنچری سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہمیشہ لاہور میں بھرپوراسپورٹ ملی ہے۔ انہوں نے فینز سے درخواست کی ہے کہ وہ اسٹیڈیم کا رخ کریں تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *