لیڈز،کرک اگین رپورٹ
کیویز کے لیڈز ٹیسٹ کے پہلے روز متعددرنگ،انگلش بائولرز پریشان۔نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں زگ زیگ والا آغاز کیا ہے۔لیڈزمیں سیریز کا تیسرا وآخری میچ جمعرات کوشروع ہوا۔کیویز آغاز میں شکار ہوئے،بعد میں جال میں دبک کے بیٹھے۔آہستہ آہستہ اڑان بھرنے کی کوشش کی۔دن کے خاتمہ تک بہتر حالات میں دکھائی دیئے۔نیوزی لینڈ نے 90 اوورز کے کھیل میں دن کے خاتمہ پر 5وکٹ پر 225 اسکور بنالئے ہیں۔
کھانے کے وقفہ تک 3 اور پھر اس کے فوری بعد چوتھی،چائے کے وقفہ سےقبل محض 123 کے مجموعہ پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔واپسی کرنے والے کیوی کپتان کین ولیمسن 31 رنزبناکر پہلے سیشن میں چلے گئے تھے۔اوپنرزٹام لیتھم صفر اور ول ینگ 31 کر کے گئے۔اس کے بعدان فارم پلیئرڈیون کونوے 26 اور ہنری نکلوس 19 کے ہی مہمان بنے۔
لیڈزٹیسٹ،پہلا سیشن،عروج ممتاز نے سیکسی کسے کہا
یہاں سے انگلش بائولرز کے لئے چٹان بننے والے ڈیرل مچل اور ٹام بلنڈل نے وہ کام کیا،جس کا کسی نے نہ سوچا تھا۔35 اوورز کی مشکل ترین بیٹنگ میں اپنی وکٹیں بچائیں۔100 سے زائد اسکور بٹورے۔اہم بات یہ کہ ٹیسٹ میچ میں واپسی کی۔ڈیرل مچل 78 اور ٹام بلنڈل 45 پر ناقابل شکست ہیں۔چھٹی وکٹ پر دونوں نے 102رنزکی شراکت بنالی ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بائولر سٹورٹ براڈ نے45 اور اسپنر جیک لیچ نے72 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جمی اوورٹون ،جنہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا،41 رنز دے کرایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔