| | | | | | | |

پی ایس ایل 9 کے اب تک کے15 ریکارڈز،دلچسپ لمحات اورناقابل یقین واقعات

عمران عثمانی

پی ایس ایل 9 کے اب تک کے15 ریکارڈز،دلچسپ لمحات اورناقابل یقین واقعات ۔پی ایس ایل اور کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )9 کا ایڈیشن 2024 آدھے مرحلے سے اگلے مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے۔ابتدائی 2 وینیوز کے میچز مکمل ہوچکے ہیں،تیسرا وینیو کراچی میزبانی میں شامل ہوچکا ہے۔چوتھا اور آخری وینیو کل سے شامل ہوگا۔جمعہ یکم مارچ 2024 پی ایس ایل 9 میں آرام کا دن ہے،اس کے بعد کل 2 مارچ کو 2 میچزہونگے اور پھر ایونٹ رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ ساتھ لے کر 18 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا۔پی ایس ایل میچز اب راولپنڈی اور کراچی میں ہونگے۔

جوں جوں دنیا کاکوئی ایونٹ آگے بڑھتا ہے،اس کی دلچسپی دوچند ہوا چاہتی ہے لیکن پی ایس ایل کے ساتھ الٹا کام چل رہا ہے۔ملتان اور لاہور میں سنسنی خیزمیچز کے ساتھ ہائوس فل کی بریکنگ نیوز متعدد بار سامنے آئی ہیں لیکن نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کرکٹ فینزکی عدم دلچسپی نے بڑے سوالات کھڑے کئے ہیں۔آخری بال تک جانے والے میچز کے باوجود،ہوم ٹیم کراچی کے ایکشن میں آنے کے بعد بھی کراچی کے لوگ اسٹیڈیم کی جانب مائل نہیں ہوئے۔ایسے میں پی سی بی ایوانوں سے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کی ہیڈ لائنز کوملک اور ملک سے باہر بسنے والوں نے دلچسپی سے کھولا،انہیں تفصیلات جان کر حیرت بھی ہوئی اور مایوسی بھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ابھی بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن سے باہرنہیں نکل رہا۔چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیاری اپنی جگہ لیکن کرکٹ فینز پشاور،فیصل آباد اور دیگر مقامات پر پی ایس ایل میچز چاہتے ہیں۔پی سی بی کو اس طرف دیکھنا ہوگا اور یہ بھی کہ پی ایس ایل کے سب سے زیادہ 11 میچز کراچی میں کیسے شیڈول کئے جاسکتے ہیں جہاں فینز کو پی سی بی سے دلچسپی ہے اور نہ ہی پی ایس ایل سے اور نہ ہی سپر اسٹارز سے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اگلی بار پی ایس ایل وینیوز میں ایک کا اضافہ کرے۔ساتھ میں ملتان جسے پورا جنوبی پنجاب لگتا ہے،اس کے میچز 55 کی بجائے 7 تک بڑھائے۔

پی ایس ایل 9 کے اب تک کے دلچسپ،حیرت انگیز اور ناقابل یقین واقعات کا سوچیں یا اب تک کے بننے والے ریکارڈز پر نگاہ دوڑائیں تو کئی چیزیں سامنے آتی ہیں اور کئی باتیں توجہ کی طالب ہیں۔کئی ریکارڈز کھلاڑیوں کو چیلنج دیتے ہیں تو کئی  دسترس سے باہر محسوس ہوتے ہیں۔ہم یہاں کرک اگین  قارئین کیلئے پیش کئے دیتے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی پی ایس ایل کی مقبولیت کیلئے مہلک

جیسا کہ ذکر کیا جاچکا۔ایک جانب ملتان اور لاہور سے ہائوس فل ہیں کی نیوز ہے۔دوسری جانب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایسے حالات ہیں کہ جیسے نیوٹرل وینیو ابوظہبی یا دبئی میں میچ ہورہے ہوں۔پی سی بی کرے نہ کرے لیکن کرکٹ فینز اور براڈ کاسٹرز کے ساتھ اشتہارات جاری کرنے والی کمپنیاں سب دیکھ رہی ہیں۔کراچی  میں حد سے زائد میچز پی ایس ایل می مقبولیت کیلئے مہلک ہیں،ایسے میں کہ جب پی سی بی ڈیجیٹل ویویور شپ میں اضافہ کا دعویٰ کرتا ہے تو پھر اس کی ہی تنزلی کیلئے میزبان وینیو کا خالی ہونا کافی ہے۔ملتان 5،لاہور 9 اور کراچی 11 اور راولپنڈی 9 میچز غیر منصفانہ تقسیم کا واضح کرتا ہے۔موسم کے حوالہ سے پی سی بی کا پلان بھی ایسے ہی ہے۔کراچی اس وقت بارش کی لپیٹ میں ہے۔

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز میں پرانی روح

پی ایس ایل کے ایک نہیں ،دو نہیں بلکہ شروع کے 4 ایڈیشن سب کو یاد ہونگے،جب لاہور قلندرز ایک لطیفہ بن چکا تھا۔شکست پر شکست ایسے ہوا کتی تھی جیسے پاکستان کی نمایاں عدالتی تاریخ میں تاریخ پر تاریخ۔گزشتہ 2 سال سے چیمپئن بنے لاہور قلندرز سے اب ایسی بد ترین یادیں دہرائے جانے کی توقعات کم تھیں لیکن ایسا ہوگیا ہے۔اب تک وہ تمام 6 کے 6 میچز ہارچکا ہے،کسے بھولا ہوگا،گزرے سالوں میں کراچی کنگز مسلسل 8 میچز ہارا تھا۔وہ الگ بات تھی لیکن لاہور قلندرز کا ریورس پٹری پر اپنی گاڑی کا ریورس گیئر میں جانا پرانی راح کے لوٹ آنے کے مترادف ہے۔یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔

ایک ٹی 20 کپتان،دوسرا ٹیسٹ کپتان،مگر دونوں ہی ناکام

پاکستان کرکٹ کی میدانی باگ دوڑ شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود کے ہاتھوں میں ہے۔دونوں ہی کریکٹر ہیں۔ایک سال ہونے کو ہے۔شاہین آفریدی کی انٹرنیشنل کرکٹ میں کارکردگی میچ وننگ سے کہیں دور ہے۔ورلڈکپ،ایشیا کپ،دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ناکامیاں ان کے چہروں کا جھومر ہیں،اس کے باوجود ایسے ہیں کہ جیسے ناگزیر ہوں۔پی ایس ایل باقی تھا،وہ بھرم بھی اب جارہاہے۔ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا پی ایس ایل ٹی ٹوئنٹی میں کیاکام ہہے،اگر ہے بھی تو کپتانی کس لئے۔اگر وہ اتنے ہی اہم ہیں تو نیشنل کپتان یا نیشنل ٹی ٹی ٹوئنٹی کی قیادت کے مالک بھی ہوتے۔ایک جانب پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں ٹی 20 فارمیٹ کے لائق نہیں جانتا تو دوسری طرف کراچی کنگز اسے کپتان بناکر اہل کراچی اور پاکستان کے ساتھ مذاق کررہی ہے۔رواں ایونٹ میں شان مسعود کے 5 میچزمیں 91 رنز ہیں۔اندازاکریں کہ یہ کپتان ہیں اور اوپنر بھی ہیں۔ناقص کپتانی کا عالم یہ ہے کہ انہیں اننگ کا 20 واں اوور کروانے کیلئے انور علی ملتا ہے۔ادھر شاہین آفریدی کی ٹیم سلیکشن اور کپتانی کرتے کچھ فیصلوں پر سب کو حیرت ہے۔وہ خود سے بھی ناکام ہیں۔پی ایس ایل 9 کے 6 میچزمیں 21 رنزبناسکے ہیں اور 9 وکٹیں ہیں لیکن میچ وننگ ایک وکٹ بھی نہیں ہے۔کیا یہ پاکستان نیشنل ٹیم کے کپتان برقرار رہ سکتے ہیں؟ضد پر چلنے والے ابھی مان لیں،ورنہ ٹی 20 ورلڈکپ اور رواں سال کا اختتام دونوں کا قصہ تمام کردے گا۔

پی ایس ایل کے سنسنی خیزلمحات،ریکارڈز

پی ایس ایل 9 میں اب تک 16 میچزہوچکے ہیں۔9 مقابلے سنسنی خیزی کی انتہا پر گئے،جہاں آخری اوور کی آخری 3 بالز سے قبل نہیں علم تھا کہ کون جیتے گا،ان میں سے 4 میچزکا فیصلہ لاسٹ بال پرہوا۔6 بار ٹیمیں 200 سے زائد اسکور کرچکی ہیں۔ملتان سلطانز 214 رنزکے ساتھ ٹاپ پر ہے۔پی ایس ایل تاریخ کا ہائی ٹوٹل ملتان کا ہی  ہے جو اس نے گزشتہ سال کوئٹہ کے خلاف 3 وکٹ پر 262 رنزبناکر قائم کیا تھا۔یہ ریکارڈ اب بھی ٹوٹ سکتا ہے،بیٹرز کیلئے جنت وکٹ راولپنڈی کی ہے،جہاں کل سے میچز ہونے جارہے ہیں۔

پی ایس ایل میں میچزکی پہلی سنچری

اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کی 9 سدالہ تاریخ میں میچزکی سنچری کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔اس نے رواں سیزن میں 100 میچز مکمل کئے۔یہ اعزاز ابھی کسی اور کے پاس نہیں۔101 میچز میں58  جیتے۔42 ہارے ہیں،ایک میچ ٹائی ہوا لیکن اس میں بھی جیتے ہیں گویا 59 میچز میں فتح ہے۔پی ایس ایل کے 2 ایڈیشنز جیت چکے ہیں۔

بابر اعظم کا پی ایس ایل اور عالمی ریکارڈ

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم پی ایس ایل میں 3 ہزار رنزمکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں،یہ اعزاز انہوں نے رواں سیزن میں اپنے نام کیا لیکن اس سے قبل انہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں دس ہزار رنزمکمل کئے،وہ تیز ترین دس ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔انہوں نے کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا۔کرس گیل 290 میچزکی 285 اننگزمیں دس ہزار ٹی 20 رنزبناکر تیز ترین دس ہزار رنزمکمل کرنے میں نمبر ون ہیں۔انہوںن نے 18 اپریل 2017 کو یہ سنگ میل عبور کیا۔دوسرے نمبر پر ویرات کوہلی ہیں،انہوں نے314 میچزکی 299 اننگز میں یہ سنگ میل عبورکیا ہے۔26 ستمبر 2021 کو ایسا ہوا،آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 304میچزکی 303  اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں اور تیسری پوزیشن پر تھے لیکن اب بابر اعظم پہلے نمبر ہیں۔اوپر والے نمبر 2 سے نمبر 4 پر چلے گئے ہیں۔بابر نے 280میچز کی 270 اننگز میں بابر نے یہ سنگ میل عبور کیا۔کسی بھی ایک پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز فخرزمان کے588 رنزہیں جو 2022 میں بنائے گئے۔بابر  کے 554 رنز 2021 کا بڑا مجموعی اسکور تھا۔اب صورتحال یہ ہے کہ بابر اعظم 5 میچز میں 330 رنزبناچکے ہیں۔یہ رفتار رہی تو اگلے میچز کے بعد انہیں نیاریکارڈ 600 پلس تک جانا چاہئے اور یہ ان کیلئے چیلنج ہوگا۔بابر اعظم اس سیزن میں ایک سنچری بناچکے،دس یا اس سے زائد ٹی20 سنچریز بنانے والے پہلے ایشیائی بیٹر بھی بن گئے ۔

ایک اوور میں 4 وکٹیں

 پشاور زلمی کے اسپنر عارف یعقوب کا ایک اوور غالب آگیا،انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف  اننگ کے 19 ویں اوور میں صرف 2 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹھیکانے لگادیا۔یہ پہلی بار ہوا کہ کسی گیند باز نے اوور میں 4 وکٹیں لی ہوں۔

وکٹوں کا چھکا

ملتان کے اسامہ میر نے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے خلاف ایک میچ میں وکٹوں کا چھکا لگادیا لیکن یہ پہلی بار نہیں تھا۔انہوں نے تو اس کے لئے40 رنز دیئے،ریکارڈروی بوپارا کے پاس ہے،انہوں نے 2016 میں کراچی کی جانب سے قلندرز کے خلاف 16 رنزکے عوض 6 آئوٹ کئے تھے۔پی ایس ایل 9 میں ایک ہی ٹیم ملتان سلطانز کے محمد علی اور اسامہ میر کا آپس میں ہی ٹاکرا چل رہاہے،جیسے سامنے کوئی اور نہ ہو۔دونوں 13،3 وکٹوں کے ساتھ مشترکہ طور پر بائولنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔

پی ایس ایل ڈرامہ

گزشتہ رات 29 فروری کاکراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ یادگار تھا لیکن کراچی کنگز کی بےوقوفی سے یہ میچ گلیڈی ایٹرز نے جیت لیا۔اننگ کی سیکنڈ لاسٹ بال پر جس انداز میں کراچی کنگز نے 2 رنز دیئے،اس کی مثال نہیں ملتی ہے لیکن ایسا ہوا،اس کی تفصیلات کیلئے یہاں کلک کریں۔

پی ایس ایل 9،افراتفری،ڈرامہ،کراچی کنگزرن آئوٹ،فیلڈ رکاوٹ کیس کیسے ہاری،میچ بھی گیا

ایک شہر کی ڈی سی کی کھلاڑیوں کی فیملیز کے ساتھ بدتمیزی

ملتان کے ڈپٹی کمشنر نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہلہ بول دیا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ سلطانز سے تھا،کوچنگ سٹاف کے معین خان کی اہلیہ،پلیئر محمد عامر اور عمر امین کی بیگمات کو ان کے خصوصی باکس سے باہر نکال دیا،گرائونڈ کو ذاتی ملکیت قرار دیا،میڈیاپر خبریں چلنے کے بعد ڈی سی کی معذرت سامنے آئی ہے۔

پی ایس ایل ناقابل یقین حادثہ

حارث رئوف کیچ پکڑتے خود کو زخمی کروابیٹھے۔ایک پیسر اتنا غیر ذمہ دار کیسے ہوتا ہے،مگر ہوا۔پی ایس ایل 9 میں ملتان میں سرفراز احمد کو ان کے ساتھی کھلاڑی وسیم جونیئر نے بال مارکر ہسپتال پہنچادیا۔بائونڈری سے کیا گیا وکٹ کیپر کے سر پر جاگرا۔

ناقابل یقین کیچ

پی ایس ایل 9 میں 9 ویں میچ میں ایک آئوٹ قابل بحث ہوگیا ہے۔ڈیوڈ ویلی کا اونچا شاٹ تھا،متبادل فیلڈر ڈی آر موسلے نےایسا کیچ پکڑاکہ بحث بن گئی لیکن یہ ہوگیا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں یہ ہوا اور ملتان ٹیم ایونٹ کی اب تک کی واحد شکست میں آگئی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ناقابل یقین واقعات

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایونٹ کا ایک میچ 5 اوورز کے لئے ٹیلی کاسٹ نہیں کیا جاسکا۔یہ اپنی تاریخ کامنفرد واقعہ تھا۔انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی ہے۔

لاہور اور ملتان میں قیدی نمبر 804 کے نعرے

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی بھی ڈومیسٹک ایونٹ میں کسی بھی ملک میں تسلسل کے ساتھ ایک قیدی کیلئے تسلسل کے ساتھ شدید نعرے بازی ہوئی۔پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان عمران خان کے حق میں نعرے لگے۔پی ایس ایل انتظامیہ اور حکومت ہر کوشش کے بعد اسے روکنے میں ناکام ہے۔

پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل )9 میں اب تک ملتان سلطانز 6 میچز میں 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز5 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اورپشاور زلمی 5 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اورکراچی کنگز 5 میچزمیں 4 پوائنٹس کے ساتھ 5 ویں نمبر پر ہے۔لاہور قلندرز 6 میچزمیں 00 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور آخری نمبر پر ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *