لندن۔کرک اگین رپورٹ ۔
کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ اور کئی اہم فیصلوں کی طرح پاکستان سپر لیگ کے لیے بھی بڑا فیصلہ لندن میں کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2027 کے اگلے ایڈیشن کی تاریخوں اور ونڈو کے اوپر اہم ترین میٹنگ ہوئی ہے۔
کرکٹ کی بریکنگ نیوز یہ ہے کہ اس سلسلے میں ستمبر کے شروع میں لندن میں پی سی بی، پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے مالکان اور گورننگ کونسل کے درمیان یہ اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ پی ایس ایل کو اگلے سال جنوری میں لایا جائے۔ پی ایس ایل عام طور پر فروری اور مارچ میں ہوا کرتی تھی اور اس کے پہلے نو ایڈیشن ایسے ہی ہوئے، لیکن 2025 میں چیمپئنز ٹرافی اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی وجہ سے لیگ کو اپریل اور مئی میں لے جانا پڑا، جس سے اس کا آئی پی ایل سے ٹکراؤ ہوا۔ لیکن اب اگر یہ جنوری فروری میں ہوتی ہے، تو اس لیگ کا کھڑاک ساؤتھ افریقہ ٹی 20، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ سے پڑے گا، جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے اور بھی نئے چیلنجز کھڑے کرے گا۔
دوسری طرف شیڈولنگ کو لے کر ایک بڑا مسئلہ موسم کا بھی ہے۔ عام طور پر پی ایس ایل کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوتے ہیں۔ ان روایتی مقامات میں سے لاہور، ملتان اور راولپنڈی جنوری میں میچز کی میزبانی کیسے کر سکیں گے۔ کیونکہ اس دوران وہاں شدید سردی ہوتی ہے اور کم درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے اجلاس میں یہ تجویز پیش کی گئی کہ ٹورنامنٹ کو کراچی سے شروع کیا جائے جہاں موسمِ سرما میں اعتدال ہوتا ہے، اور جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھے، اسے پنجاب میں منتقل کر دیا جائے۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ پاکستان کے پاس نومبر سے لے کر مارچ تک ایک واضح ونڈو فارغ ہے، جس میں کوئی ہوم یا اوے سیریز شیڈول نہیں ہے۔ اس سال اکتوبر نومبر میں سری لنکا اور انگلینڈ کی میزبانی کرنے کے بعد پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف مارچ میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، تو اس اعتبار سے بہترین ٹائمنگ تو یہی بنتی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل ہی اس بڑے ایونٹ کو مکمل کروا لیا جائے۔
