لندن۔ کرک اگین رپورٹ۔ آؤٹ،ناٹ آؤٹ اور پھر آؤٹ،اوول میں 4 منٹ کا سنسنی خیز ڈرامہ،اصل قصہ اور قانون
اوول کے میدان پر اتوار کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا۔ سری لنکا کے خلاف میچ میں انگلینڈ کو امپائر کے ایک ایسے فیصلے کا فائدہ ملا جو پچ پر تو غیر معمولی تھا، لیکن قانون کے مطابق بالکل درست تھا۔کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ اس فیصلے کے دوران سری لنکن بلے باز پون رتھنائیکے کو پہلے آؤٹ دیا گیا، پھر ناٹ آؤٹ اور پھر دوبارہ آؤٹ قرار دیا گیا۔
یہ دلچسپ ڈراما سری لنکا کی اننگز کے 15ویں اوور میں ہوا، جب چارتھ اسالنکا نے لیام ڈاؤسن کی گیند پر شارٹ تھرڈ مین کی طرف شاٹ کھیلا۔ وہاں موجود فیلڈر جوفرا آرچر نے تیزی سے گیند اٹھا کر وکٹ کیپر کی جانب پھینکی۔ اس وقت رتھنائیکے کریز سے کافی باہر تھے اور گیند اسٹمپ پر لگی۔ ایل ای ڈی لائٹس چمک اٹھیں۔اسکوائر لیگ امپائر روب وائٹ نے ٹی وی امپائر ایڈریان ہولڈسٹاک کی مدد لیے بغیر ہی رتھنائیکے کو فوری آؤٹ دے دیا، لیکن پھر فیلڈ امپائر وین نائٹس سے مشورے کے بعد انہوں نے تیسرے امپائر سے رجوع کیا۔
ری پلے میں صاف نظر آیا کہ وکٹ کیپر جارڈن کاکس کے دستانے گیند آنے سے پہلے ہی اسٹمپ کو چھو چکے تھے، جس سے بیلز گر گئی تھیں۔اس صورتحال کو دیکھ کر ٹی وی امپائر نے اپنا فیصلہ بدلا اور اوول کی بڑی اسکرین پر ‘ناٹ آؤٹ’ لکھا ہوا آگیا۔
لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوئی۔ ڈرنکس بریک کے دوران ٹی وی امپائر اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرتے رہے۔ مزید ڈیڑھ منٹ کی جانچ پڑتال کے بعد، انہوں نے اپنا فیصلہ پھر بدلا اور رتھنائیکے کو آؤٹ قرار دے دیا، جس پر وہ خود بھی شدید حیران رہ گئے۔ وہ 18 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔اگرچہ اس پورے فیصلے میں تقریباً چار منٹ کا وقت ضائع ہوا، لیکن قانونی طور پر یہ فیصلہ بالکل صحیح تھا۔ اصل میں ہوا یہ تھا کہ بھلے ہی کیپر کے دستانے سے بیلز گر چکی تھیں، لیکن جوفرا آرچر کی تھرو اتنی تیز تھی کہ اس نے پورا اسٹمپ ہی زمین سے اکھاڑ دیا تھا، اور کرکٹ کے قانون کے مطابق اسے وکٹ کا گرنا ہی مانا جاتا ہے۔
ون ڈے کرکٹ کا یادگار دن،1780 رنز،6 سنچریاں،کوہلی کا ریکارڈ،آسٹریلیا اور سری لنکا سیریز ہارگئے
اس حوالے سے ایم سی سی کے دو اہم قوانین یہ ہیںقانون 29.2.1.1: وکٹ کو اس وقت گرا ہوا مانا جائے گا جب بیلز اسٹمپ سے پوری طرح الگ ہو جائیں، یا پھر گیند لگنے سے اسٹمپ زمین سے باہر نکل جائے۔قانون 29.2.1.6: اگر کوئی فیلڈر گیند کی مدد سے اسٹمپ کو زمین سے اکھاڑ دیتا ہے، تب بھی وکٹ کو مکمل طور پر ٹوٹا ہوا (آؤٹ) ہی تسلیم کیا جائے گا۔
