لاہور کرک اگین رپورٹ
ایک رات کا اجالا پھر اندھیرا۔کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو تگنی کا ناچ نچا دیا، انگلینڈ ٹورنامنٹ سے باہر۔پاکستان کو 8 وکٹوں کی بدترین شکست۔
ایک رات کی روشنی اور پھر وہی گھپ اندھیرا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے روایتی طور پر اپنے مزاج کے مطابق فینز اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو بالکل مایوس نہیں کیا۔ خدشات کے عین مطابق سری لنکا کے خلاف کھیل آخر کار ایک عبرتناک ناکامی پر ختم ہوا۔ سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا کر تین ملکی ون ڈے کپ کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے، اور اس نتیجے کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے، جبکہ پاکستان پہلے ہی فائنل کا ٹکٹ کٹا چکا تھا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ٹرائی سیریز ون ڈے ٹورنامنٹ کے اس پانچویں میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی ٹاس ہارے اور سری لنکا نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 25 اوورز اور 1 گیند میں صرف 110 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
بابر اعظم کے 29 رنز، شاداب کا غائب ریویو اور مدھوشنکا کا قہر
پچھلے میچ میں انگلینڈ کے خلاف ریکارڈ ہیرو بننے والے شاداب خان اس بار صرف 2 رنز بنا سکے اور ایک عجیب صورتحال کا شکار ہوئے۔ آؤٹ ہونے پر وہ ریویو لینا چاہتے تھے، لیکن امپائر نے بتایا کہ ٹیم کے پاس ریویو بچا ہی نہیں تھا۔پوری ٹیم میں بابر اعظم واحد بلے باز رہے جنہوں نے کچھ مزاحمت کی اور 29 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کے علاوہ باقی تمام بیٹنگ لائن پتے کی طرح بکھر گئی۔ پاکستان کا 110 رنز پر آل آؤٹ ہونا، دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے تاریخ کا تیسرا سب سے کم ترین اسکور ہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کی ناک میں دم کر دیا، انہوں نے صرف 34 رنز کے عوض 5 اہم وکٹیں اڑائیں۔ ان کا بھرپور ساتھ سہان آراچیگے نے دیا جنہوں نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونیتھ ویلالاگے نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
پاکستان بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ناکام، سری لنکا کی باآسانی فتح
جواب میں سری لنکا کی ٹیم کو یہ معمولی ہدف حاصل کرنے میں کوئی دقت پیش نہیں آئی۔ پاکستان نہ صرف بیٹنگ میں بلکہ بولنگ میں بھی بری طرح ناکام ثابت ہوا اور کامینڈو مینڈس شاندار 62رنز بنا کر اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔ سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز محض دو وکٹیں کھو کر باآسانی حاصل کر لیا اور فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دو دن قبل جو ٹیم انگلینڈ کو ہرا کر آسمان پر تھی، آج وہ زمین پر آ گری۔ دو دن پہلے یہاں کچھ اور ہی سماں تھا اور آج کہانی بالکل بدل چکی ہے، لیکن سچی بات یہ ہے کہ یہی غیر یقینی صورتحال ہی پاکستان کرکٹ کی اصل پہچان بن چکی ہے۔ فینز اب اسی اتار چڑھاؤ کی عادت بنا چکے ہیں۔
