لاہور۔کرک اگین رپورٹ ۔
پاکستان کے سب سے معتبر اور پرانے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی’ کے 69ویں ایڈیشن کا میدان کل (منگل) سے سجنے جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس تاریخی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے لیے گولڈ اور سلور دونوں کیٹیگریز کے شیڈول اور اسکواڈز کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس بار ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 60 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔
اس مرتبہ ٹورنامنٹ کو دو حصوں میں بانٹا گیا ہے؛ گولڈ ٹورنامنٹ میں 8 بڑی علاقائی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جبکہ سلور ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔ سلور ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ٹاپ دو ٹیمیں اگلے سال ترقی پا کر گولڈ ٹورنامنٹ کا حصہ بن جائیں گی۔ پی سی بی نے کرکٹ فینز کے لیے گولڈ ٹورنامنٹ کے تمام میچز لائیو اسٹریم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سلور ٹورنامنٹ کے ہر راؤنڈ سے 6 میں سے 4 میچز لائیو دکھائے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں شائقین کو بڑے اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے۔ پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم لاہور وائٹس کی طرف سے کھیلیں گے، جبکہ ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی فاٹا کی کمان سنبھالیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں اسٹارز کی ٹیمیں یعنی لاہور وائٹس اور فاٹا کل اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں پہلے ہی میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کا شیڈول اور وینیوز
•قائد اعظم ٹرافی گولڈ۔یہ ٹورنامنٹ 3 نومبر سے 19 دسمبر تک اسلام آباد، ایبٹ آباد اور راولپنڈی کے مختلف گراؤنڈز پر کھیلا جائے گا۔ اس میں دفاعی چیمپئن کراچی بلوز، فیصل آباد، فاٹا، لاہور وائٹس، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ بلوز کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا بڑا فائنل 15 سے 19 دسمبر تک ہوگا۔
• قائد اعظم ٹرافی سلور
یہ مقابلہ 3 نومبر سے 7 دسمبر تک جاری رہے گا، جس میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے کے تمام میچز کراچی میں ہوں گے جس میں لاہور بلوز، راولپنڈی، لاڑکانہ، کوئٹہ، بہاولپور اور پشاور وائٹس شامل ہیں۔ دوسری طرف گروپ بی کے میچز ملتان، رحیم یار خان اور بہاولپور میں کھیلے جائیں گے، جس میں کراچی وائٹس، آزاد جموں کشمیر، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، ایبٹ آباد اور سیالکوٹ وائٹس کی ٹیمیں زور آزمائی کریں گی۔
