اسلام آباد ۔کرک اگین رپورٹ
دنیا بھر سے کرکٹ بریکنگ نیوز اور کرکٹ کی تازہ ترین خبریں سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت کرکٹ کی دنیا تین بڑے اور سنسنی خیز بریکنگ ٹاپکس کے گرد گھوم رہی ہے، جس میں پاکستان بمقابلہ سری لنکا ٹیسٹ سیریز، ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کا ریکارڈ اور افغانستان پریمیئر لیگ کا ہنگامہ خیز ڈرافٹ شامل ہے۔
پاک لنکا سیریز: پی سی بی پیٹرنز سکواڈ کی ٹریننگ کا آغاز
پاکستان اور سری لنکا کے مابین شیڈول ٹیسٹ سیریز سے قبل اسلام آباد کلب میں گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ کپتان سعد بیگ کی قیادت میں 13 رکنی پیٹرنز سکواڈ نے ہیڈ کوچ اعجاز جونیئر کی زیر نگرانی ٹریننگ سیشنز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سکواڈ میں پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے 7 اہم کھلاڑی بھی شامل ہیں جو اپنی فارم کو مزید بہتر کر رہے ہیں۔ پی سی بی پیٹرنز الیون اور سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم کے مابین 4 سے 6 نومبر تک ایک تین روزہ پریکٹس میچ کھیلا جائے گا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس میچ کے ختم ہوتے ہی سکواڈ میں موجود کارکردگی دکھانے والے مزید دو تیز گیند بازوں کو قومی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
ورلڈ کپ 2027۔ٹکٹوں کی مانگ کا عالمی ریکارڈ
آئی سی سی انٹرنیشنل ورلڈ کپ 2027 کے حوالے سے ایک حیران کن اور بڑی اپڈیٹ سامنے آئی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے ٹکٹوں کی فروخت کے لیے متعارف کروائے گئے آن لائن بیلٹ سسٹم پر اب تک 120 ملین (12 کروڑ) سے زائد افراد نے ٹکٹوں کے لیے درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی مانگ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے دیکھی گئی ہے، جہاں صرف ایک اس میچ کے لیے اب تک 9 ملین (90 لاکھ) کے قریب درخواستیں آ چکی ہیں، جو کہ خود میں ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
افغانستان پریمیئر لیگ۔ محمد عامر کی انٹری اور پی سی بی کا این او سی تنازعہ
سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے برطانوی شہری (برٹش پاسپورٹ ہولڈر) کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ ان کے ڈرافٹ سے قبل ہی فرنچائزز سے معاملات طے پا چکے ہیں۔ دوسری جانب، پاکستان کے 29 نامور کھلاڑیوں نے بھی خود کو اس لیگ کے ڈرافٹ کے لیے رجسٹر کروایا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، شان مسعود، امام الحق اور نسیم شاہ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔پاکستان اور افغانستان کے موجودہ کشیدہ حالات کے باعث ان کھلاڑیوں کو پی سی بی کی طرف سے این او سی ملنا ناممکن نظر آ رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو اس معاملے کو پہلے دیکھنا چاہیے تھا، کیونکہ اگر رجسٹریشن کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی نہ ملنے کے خوف سے افغان فرنچائزز نے ڈرافٹ میں پک نہ کیا، تو یہ پاکستانی کھلاڑیوں کی توہین ہوگی۔
اے پی ایل 5 ٹیموں کا مقابلہ ہے جہاں پلاٹینم کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی فیس 100,000 ڈالرز (سب سے مہنگی بریکٹ) رکھی گئی ہے، جبکہ ہر ٹیم کا کل بجٹ 650,000 سے 750,000 ڈالرز کے درمیان ہے۔
افغان ٹیم کی تاریخی کامیابی
کرکٹ کی دنیا سے ایک اور بڑی خبر یہ ہے کہ افغانستان کی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی حالیہ شاندار کارکردگی کے بل بوتے پر تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں چھٹی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ افغان ٹیم کی اس چھلانگ کے بعد سری لنکن ٹیم اب ساتویں نمبر پر چلی گئی ہے۔
