کرک اگین رپورٹ ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے قومی ٹیم کے سٹار بلے باز بابر اعظم کے حوالے سے ایک ایسا تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے جس نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کرکٹ بریکنگ نیوز کے مطابق حال ہی میں دی سپر اوور نامی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے 2019 کے دورہ انگلینڈ کے ایک اہم ون ڈے میچ کا واقعہ سنایا جو ٹرینٹ برج کے میدان میں کھیلا گیا تھا۔ مکی آرتھر کے مطابق اس میچ کے دوران ایک مرحلے پر انہیں محسوس ہوا کہ بابر اعظم ٹیم کی فتح کے بجائے اپنی ذاتی سنچری مکمل کرنے کے لیے سست روی سے کھیل رہے ہیں اور 15 گیندوں کے اس وقفے نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سابق ہیڈ کوچ نے بتایا کہ وہ اور بابر اعظم ایک دوسرے کے بہت قریب تھے اور ان کے درمیان مضبوط تعلق قائم تھا، لیکن ٹرینٹ برج کے اس میچ کے بعد انہوں نے ڈریسنگ روم میں بابر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان کے کھیلنے کے انداز پر سخت سوالات اٹھائے۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انہوں نے بابر اعظم کو واضح الفاظ میں احساس دلایا کہ ذاتی سنگ میل کے مقابلے میں ٹیم کی جیت زیادہ اہم ہوتی ہے۔ اس کھری تنقید پر بابر اعظم نے شدید ناراضی کا اظہار کیا اور پورے ایک ہفتے تک اپنے ہیڈ کوچ سے بات چیت مکمل طور پر بند رکھی۔
مکی آرتھر کے مطابق ڈریسنگ روم کے دیگر کھلاڑی بھی یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے تھے کہ کوچ نے سنچری سکور کرنے والے بلے باز کو ہی کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ سابق کوچ کا ماننا ہے کہ ان کی اس سخت سرزنش اور ایک ہفتے کی خاموشی نے اپنا مثبت اثر دکھایا اور بابر اعظم کو اپنی غلطی کا ادراک ہو گیا۔ اس واقعے کے کچھ ہی عرصے بعد انگلینڈ میں ہی منعقد ہونے والے عالمی کپ کے دوران ایجبسٹن کے میدان پر نیوزی لینڈ کے خلاف بابر اعظم نے ایک یادگار اور ناقابل شکست سنچری اسکور کر کے پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ میں زندہ رکھا، جسے مکی آرتھر آج بھی اپنے دور کی بہترین اننگز قرار دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 7 برسوں سے بابر اعظم کے اسٹرائیک ریٹ پر ہونے والی تنقید کے تناظر میں مکی آرتھر کا یہ اندرونی انکشاف خاصی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
اس انکشاف سے یہ سوال بھی کھڑا ہو گیا کہ بابر اعظم جو اتنے عرصے سے سینچری نہیں کر سکے فارم کی بحالی میں پریشان ہیں۔ وہ سابق کرکٹرز کے پاس جا کر سیکھتے کیوں نہیں اور انہیں کوئی مشورہ دے تو الٹا جواب دیتے ہیں۔
