جوہانسبرگ۔کرک اگین رپورٹ ۔ ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں، چاڈ لائکاک نے دنیا کو حیران کر دیا۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے
جنوبی افریقہ کے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ سی ایس اے پرو 20 کپ میں پیٹرمیرٹزبرگ کے میدان پر ایک ایسا کارنامہ دیکھنے کو ملا ہے جس نے تاریخ بدل کر رکھ دی۔ چاڈ لائکاک جنوبی افریقہ کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں اڑانے والے پہلے باؤلر بن گئے ہیں۔ کے زیڈ این ان لینڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے انہوں نے ٹائٹنز کے خلاف بولنگ کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا، جہاں انہوں نے صرف 26 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ نہ صرف ان کے کیریئر کی بہترین بولنگ ہے بلکہ انہوں نے مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لے کر جنوبی افریقہ کا ایک نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
میچ کے 19ویں اوور میں لائکاک نے وہ جادو دکھایا جو کرکٹ فینز کو مدتوں یاد رہے گا۔ انہوں نے اوور کی پہلی گیند پر لیوس ڈو پلوئے کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد اگلی چار گیندوں پر دیان گیلیئم، اپہیو مینیندا، جانکو سمٹ اور ایسوسا ایہیوبا کی وکٹیں لے کر سنسنی پھیلا دی۔ اس اوور سے پہلے ٹائٹنز کا اسکور 4 وکٹوں پر 193 رنز تھا، لیکن لائکاک کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے پوری ٹیم 204 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس سے پہلے انہوں نے ہی 81 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے والے اوپنر لوان ڈرے پریٹوریئس کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی تھی۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ لائکاک نے 2014 میں بیورن ہینڈرکس کا 29 رنز کے عوض 6 وکٹوں کا ریکارڈ توڑ کر پرو 20 کپ کی تاریخ کی بہترین بولنگ کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
دنیا بھر کی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل 4 گیندوں پر 4 وکٹیں لینے کا اعزاز صرف لاستھ ملنگا، راشد خان، کرٹس کیمفر اور جیسن ہولڈر جیسے بڑے ناموں کے پاس ہے۔ جبکہ مجموعی طور پر مردوں کی ٹی 20 کرکٹ میں ایک اوور میں 5 وکٹیں لینے والے لائکاک دنیا کے چوتھے بولر بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے بنگلہ دیش کے الامین حسین (2013)، بھارت کے ابھیمنیو متھن (2019) اور حال ہی میں دسمبر 2025 میں انڈونیشیا کے گیڈے پرانندا یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ لائکاک کی یہ تاریخی اور یادگار بولنگ بھی ان کی ٹیم کے کام نہ آ سکی اور کے زیڈ این ان لینڈ کی ٹیم 205 رنز کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 183 رنز ہی بنا سکی، جس میں لائکاک نے خود بھی ناٹ آؤٹ 31 رنز بنائے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ٹائٹنز کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں مسلسل چھٹے میچ میں اپنی فتح کا سلسلہ برقرار رکھا۔
