مائیکل وان نے وہ سچ اگل دیا جو وسیم،وقار،رمیز اور شعیب اختر نہیں بول سکتے
لندن،کرک اگین رپورٹ
مائیکل وان نے وہ سچ اگل دیا جو وسیم،وقار،رمیز اور شعیب اختر نہیں بول سکتے۔کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے وہ سچ اگل دیئے جو وسیم اکرم،رمیز راجہ،وقار یونس اور شعیب اختر جانتے بوجھتے بھی نہیں بول سکتے،یہ اپنے قومی معاملات یا ملک کے اندر کے معاملات پر درست آواز نہیں نکال سکتے تو انٹرنیشنل فورم پر ،وہ بھی بھارت یا اپنے مفادات کے حوالہ سے کیسا سچ بولیں گے۔
سب سے پہلے مائیکل وان کا موقف
مائیکل وان نے الزام عائد کیا ہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 در اصل بھارت کیلئے سٹیج کیا گیا ہے۔اس کی مرضی کا شیڈول،مرضی کی ٹائمنگ اور من چاہے مقامات فائنل کئے گئے ۔یہی نہیں پہلے سے ہی اسے ٹیموں کی گروپ میں درجہ بندی دے کر اس کا گروپ سلیکٹ ہوا۔اس کے بعد اس نے اپنی مرضی کا دوسرا سیمی فائنل منتخب کیا،ایسا کہیں نہیں ہوا اور کبھی نہیں ہوتا۔
جب آپ اپنی مرضی کا یہ بڑا شیڈول سیٹ کریں گے تو ساتھ میں اپنی خواہش کے وینیوز خود بخود جھولی میں گریں گے اور پھر کنڈیشنز بھی ویسی ہی بنیں گی۔
مائیکل وان نے یہ آواز ایسے ہی بلند نہیں کی۔اس سے قبل آسٹریلین میڈیا اور کئی غیر ملکی سابق کرکٹرز واضح کہہ چکے ہیں کہ انصاف نہیں ہے۔