حافظ محمد عمران عثمانی۔
راشد خان کی دھمال،افغانستان ورلڈ کپ 2027 میں براہراست پہنچ گیا،کون خطرے میں۔کرکٹ بریکنگ نیوز
اگرچہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے آغاز میں ابھی 15 ماہ کا طویل فاصلہ باقی ہے اور پاکستان میں ملتان کے مقام سے ‘نیشنل چیمپئنز کپ’ کے نام پر اس عالمی ایونٹ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، لیکن اسی دوران عالمی کرکٹ کے نقشے پر افغانستان کی ٹیم بھی سنسنی خیز ہیڈ لائنز میں آ گئی ہے۔ اگرچہ افغانستان کی اس تازہ ترین کامیابی کا پاکستان کے موجودہ ڈومیسٹک کپ کے ساتھ براہِ راست کوئی تعلق نہیں ہے، مگر سال 2027 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کے سینیریو کے ساتھ اس کا رشتہ انتہائی گہرا اور مضبوط ہے۔ افغانستان نے آج آئرلینڈ کے خلاف ایک انتہائی اعصاب شکن معرکے میں 3 وکٹوں کی یادگار جیت حاصل کر کے آئی سی سی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن کو لوہے کی طرح لاک کر دیا ہے، اور یوں وہ اگلا ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ افغانستان کے اس طرح ڈائریکٹ کوالیفائی کرنے سے ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم اب شدید خطرے کی زد میں آ چکی ہے اور کسی حد تک بنگلہ دیش کے لیے بھی عالمی میلے میں جگہ بنانے کے حوالے سے سنگین مسائل کھڑے ہو سکتے ہیں۔
آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان کے سامنے جیت کے لیے صرف 207 رنز کا بظاہر ایک معمولی ہدف تھا، لیکن آئرش بالرز نے افغانی بیٹنگ لائن کا ایسا کچا چٹھا کھولا کہ افغان ٹیم محض 154 رنز پر اپنے 6 اہم مہرے گوا چکی تھی اور پھر 176 رنز پر ساتویں وکٹ گرنے کے بعد اسٹیڈیم میں سکتہ طاری ہو گیا تھا۔ اس کٹھن اور نازک موڑ پر سوائے کپتان راشد خان کے وکٹ پر کوئی اور مستند بلے باز موجود نہیں تھا۔ راشد خان نے یہاں ایک بار پھر دنیا کے بہترین آل راؤنڈر ہونے کا لوہا منوایا اور 43 گیندوں پر 37 رنز کی انتہائی ذمہ دارانہ اور ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ہاری ہوئی بازی جتا دی۔ اس سے قبل بالنگ کے شعبے میں بھی راشد خان نے تباہ کن سپیل کرتے ہوئے 3 اہم ترین آئرش وکٹیں حاصل کی تھیں، اور یہی وہ آل راؤنڈ معجزہ تھا جس نے افغانستان کو 2027 کے ورلڈ کپ کا ٹکٹ آخری منٹ پر براہِ راست تھما دیا ہے۔افغانستان پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
اگر ہم آئی سی سی کے آفیشل کوالیفکیشن قوانین کی گہرائی میں جائیں، تو سال 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں آئی سی سی رینکنگ کی ٹاپ 10 ٹیمیں براہِ راست کوالیفائی کریں گی۔ اب چونکہ جنوبی افریقہ میزبان ہونے کی وجہ سے الریڈی خودبخود کوالیفائی کر چکا ہے، زمبابوے بھی میزبانی کی وجہ سے آگے آچکا۔اس لیے ان کے علاوہ مزید 8 ٹیموں نے رینکنگ کے بل بوتے پر آگے آنا ہے۔ افغانستان کی اس چھلانگ کے بعد اب سب سے بڑا خطرہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز میں سے کسی ایک پر منڈلا رہا ہے، اور ان دونوں میں سے بھی سب سے زیادہ نازک پوزیشن ویسٹ انڈیز کی دکھائی دیتی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں بھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم براہِ راست کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی اور پھر کوالیفائر ایونٹ میں عبرتناک شکست کھا کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی، جبکہ سال 2019 میں بھی وہ بمشکل کوالیفکیشن کے کڑے مرحلے سے گزر کر ہی مین راؤنڈ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
ائی سی سی ورلڈ کپ 2027 کی کٹ ڈیٹ 30 ستمبر ر 2026 ہے۔
افغانستان کی اس شاندار اور ناقابلِ یقین جیت نے ایک بہت بڑے ٹیسٹ ملک، بلکہ سابق ورلڈ کپ چیمپئن ویسٹ انڈیز کے لیے خطرے کا باقاعدہ فائنل الارم بجا دیا ہے۔ اگرچہ یہ خطرہ بنگلہ دیش کے سر سے بھی ابھی مکمل طور پر ٹلا نہیں ہے اور خطرات کی زد میں ایک دو دیگر ٹیمیں بھی اس وقت لائیو موجود ہیں، لیکن فی الحال افغان شائقین کے لیے سب سے بڑی اور اچھی خبر یہی ہے کہ افغانستان اب آفیشلی سال 2027 کے ورلڈ کپ میں براہِ راست قدم رکھنے والا معزز ملک بن چکا ہے۔
