| | | | |

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سپر 8 میں سیالکوٹ، راولپنڈی اور پشاورفاتح،احمد شہزاد نیوزی لینڈ جارہے

کراچی یکم دسمبر،2023:ءپی سی بی میڈیا ریلیز،کرک اگین رپورٹ

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سپر 8 مرحلے کے پہلے روز سیالکوٹ، راولپنڈی اور پشاور نے کامیابی حاصل کرلی۔ آج کے روز کا آخری میچ لاہور بلوز اور کراچی وائٹس کے درمیان رات آٹھ بجے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں سیالکوٹ نے فاٹا کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔فاٹا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 16.5 اوورز میں 103 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سلمان خان تین چوکوں کی مدد سے23 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔صہیب اللہ نے 8 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد علی نے بھی3 وکٹیں 9 رنز دے کر حاصل کیں۔ شعیب ملک نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
سیالکوٹ نے 14.1اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔سلمان خان نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے48 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ محمد حریرہ نے پانچ چوکوں کی مدد سے 47 رنز اسکور کیے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں راولپنڈی نے ایبٹ آباد کو 32 رنز سے شکست دیدی۔راولپنڈی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز اسکور کیے۔محمد نواز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 72 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔شاداب خان نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 42 رنز اسکور کیے۔عادل ناز نے 45 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں ایبٹ آباد کی ٹیم 5 وکٹوں پر147 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔فخرزمان نے ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 30 رنز اسکور کیے۔ آفاق احمد نے بھی 30 رنز بنائے جس میں ایک چوکا اور تین چھکے شامل تھے۔محمد نواز نے 19 اور شاداب خان نے27 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پشاور نے لاہور وائٹس کو7 وکٹوں سے ہرادیا۔لاہور وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 136 رنز بنائے۔احمد شہزاد نے پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کیے۔عمراکمل نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے49 رنز بنائے۔اعظم خان نے21 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پشاور نے13.1 اوورز میں تین وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 8چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے64 رنز بنائے۔ محمد حارث نے52 رنز اسکور کیے جس میں ایک چوکا اور چھ چھکے شامل تھے۔ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 102 رنز کا اضافہ کیا۔

دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستان ٹی 20 اسکواڈ فائنل ہونے جارہاہے۔نیشنل ٹی ٹوئٹی سے فی الحال احمد شہزاد کا نام فائنل کرلیا گیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *