میلبرن ۔کرک اگین رپورٹ۔
آسٹریلوی کرکٹ کا وہ بھیانک سچ جو دبا دیا گیا؟ عثمان خواجہ کی کتاب صبر نے کھول دیے ڈریسنگ روم کے کالے راز۔ آسٹریلیا کے سابق نامور ٹیسٹ اوپنر عثمان خواجہ کی سوانح عمری ‘صبر) مارکیٹ میں آتے ہی عالمی کرکٹ میں ایک ایسا زلزلہ آ چکا ہے جس نے کرکٹ آسٹریلیا کے نام نہاد شریفانہ چہرے سے نقاب نوچ دیا ہے۔ کتاب کے اقتباسات سامنے آنے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ 2018 کا بدنام زمانہ سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل محض تین کھلاڑیوں کی غلطی نہیں تھی، بلکہ یہ ایک پورا مافیا کلچر تھا جسے بورڈ نے دنیا سے چھپایا۔ عثمان خواجہ نے باب نمبر 17 (جس کا عنوان ہی سینڈ پیپر ہے) میں وہ سچ اگل دیا ہے جسے جان کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے
یہ ہم سب تھے۔اجتماعی جرم کا اعتراف اور دو کوچز کا کالا سچ
عثمان خواجہ نے کتاب میں صاف لکھا ہے کہ جنوبی افریقہ کے اس بدنام زمانہ دورے پر پوری آسٹریلوی ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو معلوم تھا کہ ریگ مال (سینڈ پیپر) کا استعمال ہو رہا ہے۔ سب سے چونکا دینے والا انکشاف یہ ہے کہ یہ کہانی صرف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی نہیں تھی، بلکہ اس سے پچھلے ٹیسٹ (پورٹ الزبتھ) کے دوسرے ہی دن ڈریسنگ روم میں اس پر کھل کر بات ہوئی تھی اور گیند کو ریورس سوئنگ کرنے کے لیے سینڈ پیپر کو بہترین پایا گیا تھا۔ اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے اپنے ہاتھ ہوا میں کھڑے کر کے کہا تھا، “میں اس بارے میں کچھ نہیں جاننا چاہتا”۔
خواجہ نے انکشاف کیا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے دن ایک نامعلوم کوچ نے کیمرون بینکرافٹ کو تھپکی دیتے ہوئے کہا تھا: ‘تم جو کچھ بھی کر رہے ہو، ہمیں اس کی مزید ضرورت ہے’۔ اس کوچ کی طنزیہ اور اطمینان بخش مسکراہٹ نے بینکرافٹ کو اکسایا۔ خواجہ کا کہنا ہے: “چونکہ مجھے بھی اس کا علم تھا، اس لیے ایک طرح سے میں خود کو بھی اس جرم کا حصہ سمجھتا ہوں، لیکن صرف تین کھلاڑیوں (وارنر، اسمتھ، بینکرافٹ) کو قربانی کا بکرا بنانا سراسر زیادتی تھی جو اتنے سالوں سے معاشرے میں ذلت کا بوجھ اٹھائے جی رہے ہیں”۔
باؤلرز کا جھوٹ یا سچ؟ ڈریسنگ روم کا وہ تضاد
عثمان خواجہ کا یہ انکشاف آسٹریلیا کے چار نامور بولرزپیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون کو کٹہرے میں کھڑا کرتا ہے۔ 2021 میں ان چاروں نے مشترکہ بیان میں قسم کھائی تھی کہ انہیں بال ٹیمپرنگ کا کوئی علم نہیں تھا۔ لیکن خواجہ نے لکھا: “میچ کے دوران جب ایک وکٹ گری تو بولرز کے ایک گروپ میں سے ایک بولر نے ہنستے ہوئے کہا: ‘لڑکوں! گیند اب حد سے زیادہ موو ہو رہی ہے، اب اس پر مزید کچھ مت کرنا ورنہ شک ہو جائے گا’۔ ہم سب یہ سن کر ہنس پڑے تھے”۔ خواجہ کے مطابق جب 2021 میں بولرز نے لاعلمی کا جھوٹا بیان جاری کیا تو ڈیوڈ وارنر غصے سے پاگل ہو گئے تھے اور انہوں نے عثمان کو غسیلے میسجز کیے تھے۔ ڈیوڈ وارنر نے اب خواجہ کے بیان کو “100 فیصد سچ” قرار دے دیا ہے۔
وہ ایک براؤن کپتان کے لیے تیار نہیں تھے۔ نسلی بدسلوکی کا درد
کتاب کا سب سے دردناک حصہ وہ ہے جہاں عثمان خواجہ نے آسٹریلوی کرکٹ میں اپنے رنگ اور نسل (پاکستانی نژاد) کی وجہ سے ہونے والے امتیاز کا کچا چٹھا کھولا ہے۔ خواجہ کے مطابق، متعدد مواقع پر ان کے ساتھ نسلی بدسلوکی کی گئی اور انہیں ٹیم پر بوجھ سمجھا گیا۔
جب اسمتھ اور وارنر پر پابندی لگی، تو عثمان خواجہ کپتانی کے قدرتی امیدوار تھے، لیکن بورڈ نے انہیں نظر انداز کر کے ٹم پین کو کپتان بنا دیا۔ خواجہ نے انکشاف کیا کہ اس وقت کیمپ میں انہیں کہتے سنا گیا کہ “یہ بوجھ کہاں سے آ گیا؟”۔ خواجہ نے لکھا: کرکٹ آسٹریلیا اپنے مخصوص دیسی گورا کلچر کے علاوہ کسی غیر گورا کھلاڑی کو آسٹریلیا کا کپتان دیکھنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہی نہیں تھا۔
شراب نوشی کا ماحول اور 2023 کی ایشز کا واقعہ
بات یہیں ختم نہیں ہوتی، خواجہ نے ٹیم کے اندرونی ماحول پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم میں شراب نوشی کی حدیں پار کی جاتی تھیں۔ ایک مسلم کھلاڑی ہونے کے ناطے، انہیں نیچا دکھانے کے لیے ان کے سامنے جان بوجھ کر اور سنا سنا کر ایسی حرکات کی جاتی تھیں، اور اس میں کوچنگ اسٹاف بھی شامل تھا۔ انہوں نے 2023 کے دورہ انگلینڈ کے دوران لارڈز کے میدان میں اپنے ساتھ پیش آنے والے نسلی بدسلوکی کے واقعے کی بھی ہولناک تفصیلات شیئر کیں، جہاں ہجوم اور آسٹریلیا کیمپ کے رویے نے کرکٹ کو شرمسار کیا۔
دو خود غرض کھلاڑی اور بورڈ کی خاموشی
خواجہ نے لکھا کہ جب یہ اسکینڈل پکڑا گیا تو انہوں نے ڈریسنگ روم میں کھڑے ہو کر تقریر کی تھی کہ ہمیں یہ الزام بطور ٹیم ایک ساتھ قبول کرنا چاہیے کیونکہ ہم سب جانتے تھے، لیکن دو نامعلوم کھلاڑیوں نے اس کی سخت مخالفت کی اور وہ پیچھے ہٹ گئے۔ ان دونوں نے مشکل وقت میں صرف اپنے بارے میں سوچا۔ ہمیں بتایا گیا کہ ان تینوں کو قربانی دینی ہوگی کیونکہ ہمیں اپنے کوچز کو بچانا ہے جو کھلاڑیوں سے زیادہ نازک پوزیشن میں ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے تحقیقات دوبارہ کھولنے کے امکان کو صاف مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ بورڈ پرانے نتائج پر مطمئن ہے کیونکہ اس معاملے میں انتہائی متضاد آراء موجود ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا کرکٹ آسٹریلیا اپنے بڑے ناموں اور موجودہ اسٹار بولرز کو بچانے کے لیے اس انکوائری پر مٹی ڈال رہا ہے؟ سچائی اب دنیا کے سامنے آ چکی ہے۔
