عمران عثمانی کی خصوصی رپورٹ
لاہور ٹیسٹ کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پوزیشن،پریشانی زیادہ۔تباہی ہے۔تنزلی ہے ۔ہوم گرائونڈز میں رسوائی ہے۔ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچ ڈرا کردیئے،تیسرے کی تیاری ہے۔پاکستان بھی آسٹریلیا کے خلاف 2 میچز ڈرا کھیل چکا،آخری کے 2 روز مکمل ہوگئے ہیں۔ایسی پچز بنانے والی ہوم سائیڈز ڈرا میچزکے ساتھ مسلسل خسارے میں ہیں۔ہوم کنڈیشن کافائدہ اٹھاکر فائنل کی جانب پیش قدمی میں بڑی رکاوٹ آرہی ہے۔اندازاکریں کہ پاک،آسٹریلیا سیریز شروع ہوئی تو پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر 75 فیصد پوائنٹس شرح کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا۔پہلا ٹیسٹ ابھی ختم نہیں ہوا تھا کہ اس کی دوسری پوزیشن ہوگئی تھی،اس لئے کہ سری لنکا بھارت میں پہلا ٹیسٹ میچ ہارچکا تھا۔اب سوچیں کہ پاکستان پہلے میچ کے نتیجہ سے قبل ہی دوسری پوزیشن پر تھا،ہوم کنڈیشنز اچھی بناکر سیریز جیتنے جاتے تو یقینی طورپر پہلی پوزیشن پکی تھی،باقی ماندہ 3 میں سے 2 سیریز ہوم گرائونڈز میں ہی ہیں تو فائنل کی ٹکٹ پکی ہوتی۔اس قسم کی کرکٹ سے مسلسل زوال کی جانب سفر جاری ہے،اس کا مطلب ہے کہ فائنل سے مسلسل دوری ہورہی ہے۔
ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ نے 2 میچز ڈرا کھیلے۔نتیجہ میں اس وقت انگلینڈ13 اور ویسٹ انڈیز 25 فیصد پوائنٹس شرح کے ساتھ آخری نمبرز پر ہیں۔
لاہور ٹیسٹ،اب تک کس کا غلبہ،3 میچز کی سیریز کے فیصلے میں اب 3 ہی روز باقی
سوال یہ ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے اگلے میچ کا نتیجہ بھی کچھ نہ نکلا تو سیریز کے اختتام پر پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر کہاں کھڑا ہوگا۔اس سے قبل موجودہ پوزیشن جان لیں۔آسٹریلیا 71.42 فیصد اور پاکستان 61.11 فیصد پوائنٹس شرح کےساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔جنوبی افریقا 60 فیصد شرح کے ساتھ تیسرے اور بھارت 58.33 فیصد شرح کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
لاہور ٹیسٹ ڈرا ہوا تو کیا پوزیشن ہوگی
آسٹریلیا کی ٹیم میچ ڈراہونے کی صورت میں 71 فیصد شرح سے گرکر 66.66 فیصد شرح پر نیچے آجائے گی،اس کے باوجود اس کی پہلی پوزیشن برقرار رہے گی۔پاکستان جو اس وقت 61.11 فیصد شرح کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے،میچ ڈرا ہوکر وہ 57.13 پوائنٹس شرح پر ہوگا۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ جنوبی افریقا اور بھارت سے بھی نیچے گرجائے گا،اس کی پوزیشن چوتھی ہوجائے گی۔جنوبی افریقا دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر آجائیں گے۔
حا صل حصول
پی سی بی اور پاکستان کرکٹ کو اس کی مبارکباد دینی بنے گی،ایسی تاریخی سیریز کا ایسا نتیجہ۔75 فیصد شرح سے گر کر 57 فیصد پر۔اوپر کی پوزیشن سے گر کر چوتھی پوزیشن،پھر تعریف کرنا سب کی کرتے رہنا کہ حسن علی وغیرہ بڑے ٹیسٹ پلیئر اور بڑے بائولرز بن گئے ہیں۔
پاکستان لاہور ٹیسٹ جیتا تو کہاں ہوگا
پاکستان اگر لاہور ٹیسٹ جیت جائے تو وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آجائے گا۔اس وقت صورتحال کچھ یوں بنےگی۔
پاکستان 66.66 فیصد شرح کے بعد پہلی پوزیشن پر آجائے گا۔۔
آسٹریلیا 62.49 فیصد شرح کے ساتھ دوسرے نمبر پر آجائے گا۔
پاکستان لاہور ٹیسٹ ہارا تو پھر کہاں
آسٹریلیا لاہور ٹیسٹ جیتنے کی صورت میں 74.99 فیصد شرح کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہوگا۔
پاکستان ہارنے کی پاداش میں 52.37 شرح کے ساتھ چوتھے نمبر پر چلا جائے گا۔
خلاصہ کلام یہ نکلا کہ پاکستان لاہور ٹیسٹ ہارے یا ڈرا کھیلے ،ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر اس کی پوزیشن چوتھی ہوجائے گی،یہ انتہائی خراب صورتحال ہوگی۔
ایسے میں پی سی بی سے سوال بنے گا کہ کیا یہ سیریز پاکستان میں ہورہی تھی یا آسٹریلیا میں؟
جواب کا تو علم ہے،پھر اس سے کہا جائے گا کہ ایسی ٹیسٹ کرکٹ پاکستان سے کہیں بہتر متحدہ عرب امارات میں کھیلی جاسکتی ہے۔