| | |

محمد رضوان سب سے بڑے،قیمتی ایوارڈ کے مالک،مکمل تفصیلات

 

 

لاہور، 6 جنوری۔پی سی بی پریس ریلیز

کیلنڈر ایئر 2021 میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز، ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں ریکارڈ ساز 1326 رنز بنانے والے محمد رضوان نے سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

اس ایوارڈ کے لیے محمد رضوان کے علاوہ بابر اعظم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو نامزد کیا گیا تھا۔

سال 2021 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے کے علاوہ سال کے بہترین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

محمد رضوان

محمد رضوان نے کہا کہ انہیں کیلنڈر ایئر 2021 کے سب سے قیمتی کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے پر فخر ہے۔ وہ مطمئن ہیں کہ انہوں نے 2021 میں اپنی کارکردگی سے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں یہ ان کا ایک غیر معمولی سال تھا۔ سال کے آغاز میں ہی انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں سنچری بنا ڈالی اور پھر اسی اعتماد کے ساتھ باقی سال بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔

9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ باؤلر حسن علی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس سال ایک مرتبہ ایک اننگز میں 10 وکٹیں جبکہ پانچ مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دو پلیئر آف دی میچ اور ایک پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈز بھی جیتے۔

حسن علی

حسن علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پانا ان کے لیے باعث فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2021 میں نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ میں کامیاب واپسی کرنے میں کامیاب رہے بلکہ گزشتہ سال انہوں نے ٹیم کی مجموعی کامیابی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

حسن علی نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنا کیلنڈر ایئر 2021 میں ان کا یادگار لمحہ ہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو 6 ون ڈے میچز میں 2 سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 405 رنز بنانے پر ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

24 اکتوبر کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں دبئی میں بھارت کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کے31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے باؤلنگ اسپیل کو سال کا سب سے متاثرکن کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ عالمی ایونٹ میں روایتی حریف کے خلاف ان کے باؤلنگ اسپیل کے سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کے طور پر منتخب ہونے پر وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے ہی ایک جارحانہ اور بے خوف آغاز درکار تھا اور انہیں خوشی ہے کہ وہ پاکستان کو ویسا ہی آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے۔

محمد وسیم جونیئر نے 2021 میں 45 وکٹیں لے کر ابھرتے ہوئے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس میں 15 انٹرنیشنل وکٹیں بھی شامل ہیں۔

ندا ڈار کو 604 رنز بنانے اور 25 وکٹیں لینے پر سال کی بہترین خاتون کرکٹر قرار دیا گیا۔

صاحبزادہ فرحان نے پاکستان کپ میں 487 رنز، قومی ٹی ٹوئنٹی میں 447 رنز اور قائداعظم ٹرافی میں 935 رنز بنا کر ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

مسلسل دوسرے سال، پی سی بی کے ایلیٹ میچ آفیشلز نے آصف یعقوب کو امپائر آف دی ایئر منتخب کیا ہے۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا نمیبیا کے ڈریسنگ روم کا دورہ کرکے ان کے کھیل کی تعریف کرنے پر اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ ملا ہے۔

رمیز راجہ، چیئرمین پی سی بی:

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ پی سی بی کی طرف سے ہر ایوارڈ جیتنے والے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی داد و تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے 2021 کے دوران شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی کرکٹ شائقین نے ان کی اس کارکردگی کا بڑے پیمانے پر اعتراف بھی کیا ہے۔

ایوارڈز جیتنے والے کرکٹرز:

ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر:
• صاحبزادہ فرحان (پاکستان کپ، نیشنل ٹی ٹونٹی اور قائداعظم ٹرافی میں 1869 رنز)

ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر

محمد وسیم جونیئر

ویمن کرکٹر آف دی ایئر
• ندا ڈار (10 ون ڈے، 363 رنز اور 6 وکٹیں؛ 6 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں95 رنز اور 7 وکٹیں؛ پاکستان ویمنز کپ میں 146 رنز اور 14 وکٹیں)

سال کی متاثر کن کارکردگی
• شاہین شاہ آفریدی (3-31 بمقابلہ بھارت، آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ)

ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر:
• محمد رضوان (29 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 1,326 رنز)

ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر
• بابر اعظم (6 ون ڈےانٹرنیشنل میچز میں 405 رنز)

ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر
• حسن علی (9 ٹیسٹ، 41 وکٹیں)

سال کا سب سے قیمتی کرکٹر
• محمد رضوان (9 ٹیسٹ میچز میں 455 رنز؛ 6 ون ڈےانٹرنیشنل میچز میں 134 رنز؛ 29 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 1,326 رنز)

 

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *