ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے نمائندہ خصوصی
کالی آندھی کو آندھی نے گھیر لیا،میچ روک دیا گیا
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا دوسرا ون ڈے میچ ملتان کی روایتی آندھی سے متاثر ہوگیا۔ملتان میں پڑنے والی سخت ترین گرمی کے بعد موسم میں بہتری تو آئی لیکن یہ مہمان کھلاڑیوں اور میچ کے لئے زحمت بن گئی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو پاکستانی اننگ کے 33 اوورز ہی مکمل ہوئے تھے کہ گرائونڈ کو چاروں جان سے مٹی نے گھیر لیا۔تیز ہوائیں خطرناک آندھی کا روپ دھار چکی تھیں،اس کے باعث امپائرز نے کھیل روک دیا۔مہمان کھلاڑی اپنی آنکھوں کو مسلتے ہوئے پویلین کی جانب بھاگے۔
مسلسل 9 اننگز کا ریکارڈ بنانے والے بابر اعظم 10 ویں باری میں ٹریپ
پاکستان نے33 اوورز تک5 وکٹ پر 155 اسکور بنالئے تھے۔شاداب 22 اور خوشدل شاہ 15 رنز پر کھیل رہے تھے۔پاکستان 88 رنز 1 وکٹ سے117 رنز5 وکٹ کے مشکل ترین سفر کے بعد سنبھلنے کے لئے کوشاں تھا۔
آندھی کے سبب گرمی کی شدت ٹوٹ گئی،اسٹیڈیم میں موجود تماشائی اچھے موسم سے لطف اٹھاتے رہے جبکہ میچ اس میں ممکن نہیں تھا۔امپائرز کرکٹ کے لئے موسم کے اچھا ہونے کا انتظار کررہے تھے۔