ملتان،عمران عثمانی کی خصوصی رپورٹ
ملتان تیار،آج سے پاک ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز،بابر اعظم پر ایک دبائو آگیا۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 16 برس بعد ملتان میں کوئی ایک روزہ انٹرنیشنل میچ آج کھیلنے کو تیار ہے۔پاکستان اپنے حریف ٹیم کے خلاف گزشتہ 3 عشروں سے محدود اوورز کی باہمی سیریز میں ناقابل شکست رہنے کا چیلنج برقرار رکھنے کے لئے نئی سیریز کا آغاز کرنے والا ہے۔گرم ترین موسم میں کھلاڑیوں،آفیشلز،سکیورٹی سٹاف سمیت کرکٹ فینز کے کڑے امتحان کا وقت آگیا ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین 3 میچزکی سیریز کا پہلا میچ آج 8 جون بروز بدھ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔بعد نماز عصر گرائونڈ پیک ہونے کی امید ہے۔
پاک،ویسٹ انڈیز کی کل ملا کر 134 ایک روزہ میچز کی کہانی ہے۔ویسٹ انڈیز کو 71فتوحات کے ساتھ برتری ہے۔گرین کیپس کو 60 میں کامیابی ملی ہے۔3 میچز ٹائی رہے۔دونوں ممالک میں پاکستان کی سرزمین پر اب تک 5 سیریز کھیلی جاچکی ہیں۔1980 سے اس کا آغاز ہوا۔پاکستان ہارا،1985 اور 1986 میں بھی شکست ہوئی۔1991 میں بھی ویسٹ انڈیز کامیاب ہوا۔پاکستان نے 1990 اور 2006 میں اپنی سرزمین پر سیریز جیتی تھی۔اس کے بعد سے پاکستان کی ہوم سیریز ملک سے باہر کھیلی گئی ہیں۔دوسرا اتفاق یہ ہے کہ پاکستانی سرزمین پر ویسٹ انڈیز نے جتنے میچزکھیلے ہیں،اسے ان میں بھی برتری حاصل ہے۔26 ایک روزہ میچز میں سے 14 کالی آندھی کے حصہ میں آئے۔11 میں گرین کیپس فاتح بنے۔ایک میچ ٹائی ہوا۔
ملتان:کرکٹ میچ ہے،آزادی مارچ نہیں
اس طرح پاکستانی سرزمین کا ریکارڈ دیکھاجائے تو دونوں باتیں کلیئر ہیں۔پہلی یہ کہ مجموعی میچزمیں بھی اسے برتری ہے۔دوسری یہ کہ اس نے ایک سیریز پاکستان سے زیادہ جیت رکھی ہے۔یہ دونوں باتیں اس کے حق میں ہیں ،ساتھ میں ایک اور بات بھی ہے کہ 2006 میں مہمان ٹیم نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کھیلا اور پاکستان کو ہرادیا۔اس طرح یہ مقام اسے اچھا بھی لگے گا،اتفاق یہ بھی ہوگا کہ تینوں میچز یہاں کھیلے جائیں گے۔
ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان میں آخری بار 1991 میں کراچی میں ایک روزہ میچ کا ٹاس جیتا تھا۔اس کے بعد1991 میں 1997 میں پھر2006 میں تمام ٹاس میں اسے شکست ہوئی۔ان سیریز کے کل ملاکر 7 میچز بنتے ہیں،جن میں مہمان ٹیم کو ٹاس جیتنا نصیب نہیں ہوا ہے۔
ویسٹ انڈیز کےلئے ان تمام اعدادو شمار اچھے ہونے کے بعد 2 باتیں پریشان کن ہونگی۔پاکستان کے خلاف اس اچھے ریکارڈ کو گزرے عشرے بیت گئے ہیں۔دوسرا اسے پاکستان کے خلاف باہمی ایک روزہ سیریز کی ٹرافی جیتے 31 سال ہوگئے ہیں۔1991 کے بعد سے وہ پاکستان کے خلاف ایک روزہ باہمی سیریز جیت نہیں سکے ہیں۔اس دوران پاکستان نے 2018 اور 2016 میں عرب امارات میں سیریز جیتی ہے۔2017 میں ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی سیریز بھی گرین کیپس کے حصہ میں رہی۔2013 میں اور اس سے قبل 2011 میں بھی بھی پاکستان وہاں جیت گیا۔پاکستان نے 1993 میں ویسٹ انڈیز میں تاریخی ٹیسٹ سیریز ڈرا کھیلی تھی۔2002 میں اور 2006 میں بھی پاکستان کامیاب ہوا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم،ایک روزہ ریکارڈز،گرمی اور آم کے موسم میں پہلی بار میچز
یہ سیریز چونکہ آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے،اس لئے اس میں غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔تینوں میچز کی جیت 90 پوائنٹس بنادے گی،ٹیبل پر 10 ویں سے چوتھی پوزیشن ہوگی۔ایک شکست بھی اسے ٹاپ 6 میں داخل ہونے نہیں دے گی۔پاکستانی ٹیم گزشتہ 2 ماہ سے کوئی میچ نہیں کھیلی ہے،اس کے برعکس ویسٹ انڈین ٹیم حال ہی میں نیدرلینڈ میں 3 میچزکی سیریز جیت کر آرہی ہے،اس کے پاس ردھم موجود ہوگا۔
ملتان کی گرمی کھلاڑیوں کے لئے بڑا چیلنج ہوگی،خشک موسم سے وکٹ میں بائولرز کے لئے بڑی مدد موجود نہیں ہوگی۔اس لئے ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کو ترجیح دے گی۔بابر اعظم کے سر پر 3 عشروں سے پاکستانی ناقابل شکست رہنے کا کڑا دبائو موجود ہوگا۔فیورٹ پاکستان ہے لیکن اس گرم موسم اور چارج ویسٹ انڈین پلیئرز کے سامنے ایک عجب رزلٹ آسکتا ہے۔
ٹاس جیتنے والی ممکنہ ٹیم اور ممکنہ پلیئنگ الیون کے حوالہ سے خصوصی رپورٹ بھی آنے کو ہے۔دیکھتے رہیئے،کرک اگین ڈاٹ کام۔