برسٹل،ڈربی:کرک اگین رپورٹ
ٹی 20 بلاسٹ،شان مسعود کا پھر بڑا کارنامہ،عامر اور شاداب نمایاں۔ٹی 20 بلاسٹ کے مقابلے جاری ہیں۔انگلینڈ کی ٹی 20 ویٹائلی بلاسٹ میں محمد عامر بھی نکھر رہے ہیں۔جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں انہوں نے 2 اہم وکٹیں لیں،اپنے 4 اوورز میں 31 رنز دیئے۔برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے گلوسٹرشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ہمپشائر کے خلاف پورے 4 اوورز کا اسپیل کیا۔اس کے باوجود حریف ٹیم 7 وکٹ پر 178 رنزبنانے میں کامیاب ہوئی۔جواب میں ان کی ٹیم 169 اسکور پر ہمت ہارگئی۔یوں ہمپشائر 9 رنز سےکامیاب رہی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں برمنگھم بیئرز کو واروکشائر کے ہاتھوں 144 رنزکی ذلت آمیز شکست ہوئی ہے۔
ادھر نارتھمپٹن میں یارک شائرنے نارتھمپٹن شائر کو 62 رنزسے ہرادیا،فاتح ٹیم کی جانب سے کھیلنے والے پاکستانی آل رائونڈر شاداب خان نے بیٹنگ میں تو صرف 3 رنزکی اننگ کھیلی۔بائولنگ میں 4 اوورز میں 31 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔اپنی ٹیم کے بنائے گئے اسکور190 رنزکے جواب میں حریف کو 128 تک ہی رکھا۔
شان مسعود کی پھر ناقابل شکست اننگ،ایک اعزاز بھی حاصل
کینٹربری میں سسیکس کو محمد رضوان بچاسکے اور نہ راشد خان۔وجہ یہ ہوئی کہ رضوان کے محض 4 رنزبنانے کے باعث ٹیم صرف 158 رنزہی کرسکی۔کینٹ نے ہدف 7 گیندیں قبل 4 وکٹ پر پورا کیا،راشد خان 4 اوورز میں صرف 21 رنز دے کر ایک وکٹ تو لے گئے لیکن ٹیم کو جتوانہ سکے۔
اہم مقابلہ تو ڈربی میں ہوا۔جہاں پاکستانی اوپنر اور ڈربی شائر کی کپتانی کرنے والے شان مسعود نے ایک اور کلاسیکل اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی سنسنی خیز جیت میں مرکزی رول پلے کیا۔انہوں نے 50 بالز پر 75 رنزکی اننگ کھیلی۔6 چوکے اور 2 چھکے بھی ساتھ تھے۔وین میڈیسن نے بھی 70 اسکور کئے۔ڈربی نے 8 وکٹ پر 188 اسکور کئے۔
جواب میں لنکا شائر ٹیم وکٹ ہاتھوں مین رکھ کر بھی جیت نہ سکی اور 5 رنزکے معمولی مارجن سے ہارگئی،اننگ 5 وکٹ پر 183 رنز سے آگے نہ بڑھی۔اس کامیابی کے ساتھ ڈربی کے بھی برمنگھم اور لنکا شائر کی طرح 16،16 پوائنٹس ہوگئے ہیں،نیٹ رن ریٹ پر تیسری پوزیشن ہے۔اگلےمرحلے میں رسائی ہوگئی ہے۔