چیسٹر لی سٹریٹ ۔کرک اگین رپورٹ ۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 سے ایک ماہ قبل سری لنکا کا بڑا موقع ضائع، انگلینڈ کی پہلے ون ڈے میں فتح ۔کرکٹ بریکنگ نیوزہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 سے ٹھیک ایک ماہ قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اس فارمیٹ میں اپنا رعب جھاڑنے کا ایک بہترین موقع گنوا دیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں لنکن ٹیم نے میچ میں اچھا کم بیک تو کیا، لیکن اس کے باوجود وہ جیت اپنے نام نہ کر سکی۔ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے میں بھی مایوس کن آغاز۔ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش شکست کا سامنا کرنے کے بعد، اب باری ون ڈے فارمیٹ کی تھی جہاں دونوں ٹیمیں پہلے میچ کے لیے میدان میں اتریں۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔چیسٹر لی اسٹریٹ کے میدان پر ایک موقع پر انگلش ٹیم انتہائی مضبوط پوزیشن میں تھی اور اس کا اسکور 3 وکٹوں پر 182 رنز تھا، لیکن یہاں سے میچ نے پلٹا کھایا۔ اچانک انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی لائن لگ گئی اور پوری ٹیم 265 رنز بنا کر باہر ہو گئی۔
سچندو کولمبیج کا کمال اور ہیری بروک کی ففٹی
انگلینڈ کو اس کم اسکور پر محدود کرنے میں سری لنکا کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی سچندو کولمبیج نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے میچ کے اختتامی لمحات میں بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں اڑائیں۔ انگلینڈ کی اننگز میں ہیری بروک 67 رنز بنا کر سب سے نمایاں بیٹر رہے جنہوں نے اپنی ففٹی پلس اننگز سے ٹیم کو سنبھالا۔
سری لنکا کی بے جان بیٹنگ اور شکست
266 رنز کے جواب میں جب سری لنکن کرکٹ ٹیم میدان میں آئی تو شروع سے ہی ایسا نظر آ رہا تھا کہ وہ یہ میچ نہیں جیت سکے گی۔ لنکن بلے بازوں کی طرف سے ہدف کا تعاقب کرنے یا میچ بنانے کی کوئی سنجیدہ کوشش ہی نظر نہیں آئی۔ پوری ٹیم محض 37 اوورز کا کھیل پیش کر سکی اور 176 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے ڈیو متھ ولاگے نے سب سے زیادہ 49 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن وہ ٹیم کی ناامید کارکردگی کو فتح میں نہ بدل سکے۔
ول جیکس کی تباہ کن بائولنگ
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے کمال کی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے صرف 22 رنز دے کر سری لنکا کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کی جیت پر مہر لگا دی۔ اس شاندار بولنگ کے نتیجے میں انگلینڈ نے پہلا ون ڈے میچ 89 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کر لیا۔
