بنگلورو۔ کرک اگین رپورٹ۔ سنسنی خیز سیریز کا مایوس کن اختتام،بھارت ویسٹ انڈیز کا فائنل میچ بارش کی نذر۔کرکٹ بریکنگ نیوز ہے کہ
بنگلورو میں ہونے والی تیز ترین بارش نے کرکٹ فینز کو مایوس کر دیا اور بھارت کے خلاف طویل عرصے بعد ویسٹ انڈیز کا سیریز جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔
کرکٹ شائقین کے لیے کرکٹ کی تازہ ترین خبریں یہ ہیں کہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن ٹی 20 میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد 5 میچوں کی یہ سنسنی خیز سیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہو گئی ہے۔ بنگلورو میں 2 سال کے طویل انتظار کے بعد یہ میچ کھیلا جا رہا تھا، لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
کرکٹ بریکنگ نیوز کے مطابق میچ شروع میں بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، جس کے بعد امپائرز نے میچ کو کم کر کے 9 اوورز فی اننگز کر دیا۔ ویسٹ انڈیز نے اہم ٹاس جیتا اور پہلے بولنگ کا انتخاب کیا۔بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر 118 رنز بنائے تھے کہ اچانک دوبارہ تیز ترین بارش شروع ہو گئی۔ اگر یہ بارش چند منٹ بعد رک جاتی، تو کٹ اوور ٹائم کے قانون کے تحت ویسٹ انڈیز کو 5 اوورز میں 84 رنز کا انتہائی مشکل ہدف ملتا۔ لیکن بارش نہ رکی اور امپائرز کو میچ منسوخ کرنا پڑا۔ بھارت کی جانب سے ایشان کشن نے صرف 10 گیندوں پر 30 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جبکہ سنجو سیمسن نے 16 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کرن پول اور اسپرنگر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کرکٹ اپ ڈیٹ کے تحت ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک بڑے تاریخی اعزاز سے محروم ہو گئی ہے۔ اگر ویسٹ انڈیز یہ میچ اور سیریز جیت جاتا، تو وہ 2002 کے بعد بھارت کی دھرتی پر کوئی بھی کرکٹ ٹرافی اٹھانے والی پہلی کالی آندھی کی ٹیم بن جاتی۔ یہی نہیں بلکہ ویسٹ انڈیز 2019 کے بعد بھارت کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر کسی بھی ٹی 20 باہمی سیریز میں شکست دینے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن سکتی تھی، لیکن بنگلورو کی تیز بارش نے ویسٹ انڈیز کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
