کرک اگین رپورٹ
ایشین گیمز مینز کرکٹ کےچاروں کوارٹر فائنل بارش کی نذر،کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل۔
ایشیائی کھیلوں کے مینز کرکٹ ٹورنامنٹ میں موسم کے بدلے مزاج نے پورے شیڈول کو درہم برہم کر دیا ہے۔ مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث ٹورنامنٹ کے چاروں کوارٹر فائنل میچز بغیر کوئی گیند پھینکے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ مسلسل دوسرے روز بھی میدان گیلے ہونے اور بارش نہ رکنے کی وجہ سے کوئی کھیل ممکن نہیں ہو سکا، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 6 میچز موسم کی نذر ہو چکے ہیں۔
منگل 29 ستمبر کو شیڈول میچز میں سری لنکا بنام نیپال اور بنگلہ دیش بنام ملائیشیا کے اہم کوارٹر فائنل مقابلے ہونے تھے، لیکن یہ دونوں میچز بھی برسات کا شکار ہو گئے۔ تاہم رینکنگ کی بنیاد پر ٹیموں کے آگے بڑھنے کے بعد اب آخری چار ٹیموں کی لائن اپ باقاعدہ مکمل ہو چکی ہے۔
سیمی فائنلز کا شیڈول
ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل مقابلے جمعرات یکم اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
پہلا سیمی فائنل: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5:00 بجے)
دوسرا سیمی فائنل۔ بھارت بمقابلہ سری لنکا (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10:00 بجے)
بارش کی صورت میں فائنلسٹ کا فیصلہ کیسے ہوگا؟
کرکٹ شائقین کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر سیمی فائنل میچز کے دوران بھی موسم نے مداخلت کی اور بارش کی وجہ سے کھیل ممکن نہ ہو سکا، تو ٹورنامنٹ کے قوانین کے تحت آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر پاکستان اور بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائیں گے۔ روایتی حریفوں کے مداح اب جہاں سیمی فائنل کے منتظر ہیں، وہیں فائنل میں پاک-بھارت بڑے ٹاکرے کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔
