مانچسٹر ۔کرک اگین رپورٹ
کیا تم یہاں چنے بیچنے آئے تھے۔ وسیم اکرم کا بابر اعظم پر بڑا طنز۔کی تازہ ترین خبر یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ‘سوئنگ کے سلطان’ وسیم اکرم نے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی ٹیسٹ کپتانی پر کڑی تنقید کی ہے۔
مانچسٹر میں وقار یونس کے ساتھ ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے پاکستان کے حالیہ دورہ انگلینڈ اور ٹیم کے اندرونی فیصلوں پر کھل کر بات کی۔وسیم اکرم کا کہنا تھا، “ہو سکتا ہے میں غلط ہوں، لیکن میرا یہ ماننا ہے کہ بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی دوبارہ قبول کرنی ہی نہیں چاہیے تھی۔ جب آپ کو ایک بار قیادت سے ہٹا دیا گیا تھا، تو فیصلہ حتمی ہونا چاہیے تھا”۔سابق کپتان نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے بعد ٹیم میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں کا خاص طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب برمنگھم ٹیسٹ سے قبل بابر اعظم سے ان تبدیلیوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔
وسیم اکرم نے اسی بات پر سخت طنز کرتے ہوئے کہا، “اگر تمہیں ٹیم سلیکشن کا علم ہی نہیں تھا، تو کیا تم وہاں چنے بیچنے آئے تھے؟”وسیم اکرم نے واضح کیا کہ ایک مضبوط کپتان اور لیڈر کو بنیادی فیصلوں کا حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ لارڈز ٹیسٹ میں شکست اور غیر متوقع تبدیلیوں کے بعد بابر اعظم کو خود کہہ دینا چاہیے تھا کہ ‘اب بس! میں اب بطور کھلاڑی کھیلوں گا لیکن کپتانی نہیں کروں گا’۔ سوئنگ کے سلطان کے مطابق، جب تک لیڈر تگڑا نہ ہو اور کھلاڑی اس کے ساتھ کھڑے نہ ہوں، ٹیم کبھی نہیں جیت سکتی۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-0 سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
