| | | | |

محمد عباس کی 10 وکٹیں ،دورہ آسٹریلیا والوں کیلئے قابل توجہ

 

 

 

کراچی 18 دسمبر، 2023:ء

محمد عباس کی 10 وکٹیں ،دورہ آسٹریلیا والوں کیلئے قابل توجہ

فاسٹ بولر محمد عباس کی عمدہ کارکردگی نے اسٹیٹ بینک کو پی ٹی وی کے خلاف پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں دس وکٹوں سے کامیابی دلادی۔

اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے دن پی ٹی وی کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 339 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پہلی اننگز میں 66 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد دوسری اننگز میں پی ٹی وی نے بہتر کارکردگی دکھائی۔ اس کی جانب سے حسن محسن نے چودہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے۔ حسن نواز نے 83 اور تیمور خان نے 62 رنز کی اننگز کھیلیں۔
محمد عباس جنہوں نے پہلی اننگز میں 19 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کی تھیں دوسری اننگز میں 103رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس طرح میچ میں انہوں نے 122 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد عباس نے 12 ویں مرتبہ کسی فرسٹ کلاس میچ میں دس وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس میچ کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 670 ہوگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کو میچ جیتنے کے لیے 48 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔زین عباس23 اور رضوان حسین 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے غنی گلاس کے خلاف میچ میں اپنی دوسری اننگز سات وکٹوں کے نقصان پر290 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ اظہرعلی نے گیارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی 49 ویں سنچری ہے۔
حسیب اللہ نے102 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 191 رنز کا اضافہ کیا۔
پہلی اننگز میں چھ وکٹیں لینے والے محمد رمیز نے دوسری اننگز میں تین وکٹیں حاصل کیں۔
غنی گلاس کو میچ جیتنے کے لیے 409 رنز کا ہدف ملا ہے تاہم تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اس کی دو وکٹیں صرف 38رنز پر گرگئی تھیں ۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں واپڈا کی ٹیم کے آر ایل کے خلاف میچ میں اپنی دوسری اننگز میں 238 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افتخار احمد نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 88 رنز بنائے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں155 رنز اسکور کیے تھے۔
عمراکمل نے بارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 75 رنز اسکور کیے۔ شایان شیخ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
کے آر ایل کو جیتنے کے لیے287 رنز کا ہدف ملا ہے۔ تیسرے دن کھیل ختم ہونے پر اس نے 39 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا ۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *