کرک اگین رپورٹ ۔محمد رضوان کی پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں پہلی انٹری اور شاندار سنچری۔ پیغام۔کرکٹ بریکنگ نیوز
قائد اعظم ٹرافی گولڈ کا پہلا ہی دن بلے بازوں اور بولرز کے درمیان زبردست مقابلے کا گواہ بنا، جہاں تین بہترین سنچریاں اور شاندار بولنگ سپیلز دیکھنے کو ملے۔
ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں پشاور بلوز نے ٹاس جیت کر پہلے دن کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں پر 306 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ پشاور کی اننگز کی خاص بات محمد رضوان کی کلاس اور نوجوان نجب خان کی مزاحمت تھی۔ محمد رضوان نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کی 16ویں سنچری مکمل کرتے ہوئے 142 گیندوں پر 21 چوکوں کی مدد سے 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دوسری طرف، نجب خان نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری داغ کر دن کو یادگار بنا دیا، وہ 101 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 179 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ قائم کر کے حریف ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔
نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں سیالکوٹ اور کراچی بلوز کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ سیالکوٹ کی پوری ٹیم 79.1 اوورز میں 241 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سیالکوٹ کی جانب سے اوپنر محمد حریرہ نے فرسٹ کلاس کیریئر کی 13ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 117 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن کراچی بلوز کے بولر محمد عمر ان پر بھاری پڑے۔ محمد عمر نے صرف 19 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد اصغر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک کراچی بلوز نے اپنی پہلی اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 9 رنز بنا لیے تھے۔
ادھر ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں فاٹا کے بلے بازوں نے لاہور وائٹس کے خلاف نپی تلی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ فاٹا نے فواد ارشد اور ریحان آفریدی کی ذمہ دارانہ نصف سنچریوں کی بدولت 6 وکٹوں پر 311 رنز بنائے۔ لاہور وائٹس کی جانب سے حماد عزیز نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ راولپنڈی کے شعیب اختر سٹیڈیم میں ملتان کے بولرز نے تباہی مچائی اور اسلام آباد کی پوری ٹیم کو 215 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ اسلام آباد کی طرف سے صرف محمد حماد خان نصف سنچری بنا کر کچھ مزاحمت کر سکے۔ ملتان کی جانب سے محمد شہزاد اور محمد شان نے 3، 3 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔
