| | |

پاکستان کپ،فائنل کی پہلی ٹیم پکی ہوگئی

 

لاہور، 28 مارچ 2022ء،پی سی بی میڈیا ریلیز

پاکستان کپ،فائنل کی پہلی ٹیم پکی ہوگئی۔

دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا نےکامران غلام کی سنچری کی بدولت سینٹرل پنجاب کو شکست دے کر پاکستان کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دفاعی چیمپئن نے 287 رنز کا ہدف چھ گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کامران غلام نے 120 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 2 کے انفرادی اسکور پر محسن خان رن آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد کامران غلام نے خیبرپختونخوا کی بیٹنگ کی کمان سنبھالی اورذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے اشفاق احمد اور پھر عادل امین کے ہمراہ دوسری اور تیسری وکٹ کے لیے بالترتیب 131 اور 92 رنز کی شراکت قائم کی۔

اشفاق احمد 86 گیندوں پر6 چوکوں کی بدولت 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عادل امین نے 58 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکے کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے۔26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہنے والے محمد سرور آفریدی نے 49ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر میچ ختم کیا۔

سینٹرل پنجاب کے رضوان حسین، قاسم اکرم اور علی اسفند نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سینٹرل پنجاب نے ایکسٹراکے بھی21 رنز دئیے۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سینٹرل پنجاب نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنائے تھے۔ قاسم اکرم اور حسین طلعت نے نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ قاسم اکرم نے 63 گیندوں پر 10 چوکوں کی بدولت 67 رنز کی اننگز کھیلی ۔ حسین طلعت نے 71 گیندوں پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی بدولت 63 رنز اسکور کیے ۔

سعد نسیم 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ خیبرپختونخوا کے محمد عمران اور ساجد خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ عمران خان سینئر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹورنامنٹ کادوسراسیمی فائنل بلوچستان اور سندھ کے مابین 30 مارچ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل یکم اپریل کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ ان دونوں میچز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں مفت داخلے کی اجازت ہوگی۔یہ دونوں میچز پی ٹی وی اسپورٹس اور پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر بھی کیے جائیں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *