کرک اگین خصوصی رپورٹ ۔
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ،پاکستان کو سری لنکا سے شکست،فائنل سے باہر۔تازہ ترین کرکٹ نیوز
ایسی مار بھی کوئی نہ مارے جو سری لنکا نے پاکستان کو ماری۔ایشین گیمز ویمنز کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں پاکستان سری لنکا سے ہار کر فائنل سے باہر ہو گیا ہے، البتہ کانسی کے تمغے (میڈل) کا ایک میچ اب بھی اس کے پاس باقی ہے۔
کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ ایشین گیمز ویمنز ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور چار وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 177 کا ایک بڑا اسکور بنایا۔ اننگز کی اہم بات عائشہ ظفر کے 71 رنز تھے، جو انہوں نے صرف 40 گیندوں پر 9 چوکے اور 2 چھکے لگا کر بنائے۔ ان کے علاوہ شوال ذوالفقار نے 47 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم نے جب یہ بڑا اسکور کھڑا کر لیا تو انہیں لگا کہ میچ جیتنا اب بہت آسان ہوگا، اسی لیے کھلاڑیوں نے سری لنکا کی ابتدائی اننگز کو بالکل سنجیدہ نہیں لیا۔
جواب میں سری لنکن کپتان چماری اتا پتو کا وکٹ کیپر نے کیچ ڈراپ کر دیا، بلکہ ان کے دو کیچز ڈراپ ہوئے اور انہوں نے اس غفلت کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ چماری نے 50 گیندیں کھیلیں اور 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 83 رنز بنا ڈالے۔ دوسری طرف پاکستانی کپتان نے جن بولرز کو لگایا، وہ بے دلی اور بے دھیانی سے بولنگ کرتی رہیں اور مار کھاتی نظر آئیں، لیکن اس کے باوجود پاکستانی کپتان نے گیند باز تبدیل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔سری لنکا نے یہ ہدف 17.5 اوورز میں (یعنی 13 گیندیں قبل) محض دو وکٹیں گنوا کر پورا کر لیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو 8 وکٹوں سے ایک بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یوں سری لنکا نے فائنل میں قدم رکھ دیے ہیں، جہاں اس کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا جو کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ دوسری طرف پاکستان کی کرکٹ ٹیم اب کانسی کے تمغے کے لیے دوسرے سیمی فائنل کی ہارنے والی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔
