بنگلہ دیش کا آسٹریلیا میں دھماکے دار آغاز ،کینگروز کو آؤٹ کر کے جوابی بیٹنگ میں مضبوط بنیاد
ڈارون (کرک اگین سپیشل رپورٹ)
آسٹریلیا کی تاریخ میں دوسری بار وہاں ٹیسٹ سیریز کھیلنے والی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن وہ کچھ کر دیا ہے جو بڑی بڑی ٹیمیں نہیں کر سکتیں۔ اگر یہ تسلسل برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں کرکٹ کی دنیا ایک اور بڑی بریکنگ نیوز کے لیے تیار ہو جائے کہ بنگلہ دیش نے آسٹریلیا میں آسٹریلیا کو ٹیسٹ میچ ہرا دیا ہے۔ اگرچہ پہلا دن ہے اور پہلے دن ایسا دعویٰ کرنا مشکل ہے، اور ہم بھی مشکل سے یہ بات مشروط کر رہے ہیں، لیکن ڈارون میں جمعرات کو شروع ہونے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن میزبان آسٹریلیا بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں محض 198 رنز پر آؤٹ ہو گیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے اسٹیو اسمتھ کے 71 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی 23 سے بڑا اسکور نہیں کر سکا۔ مارنس لبوشین نے 1 رنز کیا، ٹریوس ہیڈ نے 22 کیے اور ایلکس کیری 19 رنز بنا سکے۔ جیک 23 کرگیے بنگلہ دیش کی اس شاندار پرفارمنس میں مرکزی کردار پیسر حسن محمود کا رہا، جنہوں نے 55 رنز دے کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تسکین احمد بھی دو وکٹیں لے گئے اورعبادت حسین نے بھی دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔
آسٹریلیا نے ایسی کوئی غلطی نہیں کی تھی کہ بنگلہ دیش کو کمزور سمجھ کر اپنا پیس اٹیک ہٹایا ہو یا باؤلنگ اٹیک کمزور کیا ہو، بلکہ ان کے تمام مکمل کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔ پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لائن اور کیمرون گرین، سب نے باؤلنگ کر کے دیکھ لی لیکن جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو وہ صرف ایک وکٹ لے سکے۔ بنگلہ دیش نے 24 اوورز کی بیٹنگ میں ایک وکٹ پر 96 رنز بنا لیے تھے۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر مومن الحق 35 اور تنزید حسن 32 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔
آسٹریلیا کو واحد کامیابی 36 کے مجموعے پر اس وقت ملی جب شادمان اسلام 20 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر نیتھن لائن کے ہاتھوں کیچ ہوئے، اور یہ واحد کامیابی آسٹریلوی باؤلنگ کا اکلوتا کارنامہ رہی۔ یوں پہلے دن کا کھیل ختم ہوا، جہاں مجموعی طور پر 77 اوورز کا کھیل دیکھنے کو ملا۔ آسٹریلیا نے 53 اوورز کی بیٹنگ کی اور بنگلہ دیش نے 24 اوورز کی بیٹنگ کی، اور اس وقت بنگلہ دیش کا پلہ مکمل طور پر بھاری ہے۔ آسٹریلیا کا پہلی اننگز کا اسکور پورا کرنے کے لیے بنگلہ دیش کو اب صرف 102 رنز کی ضرورت ہے اور نو وکٹیں اس کی پاکٹ میں محفوظ ہیں۔
