| | | |

کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ آگئی،ویمنز سلیکشن کمیٹی تحلیل ،7 رکنی نیا بنچ قائم

 

 

کراچی 25 اپریل 2024,پی سی میڈیا ریلیز

کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ آگئی،ویمنز سلیکشن کمیٹی تحلیل ،7 رکنی نیا بنچ قائم

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے فوری طور پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

بائیں ہاتھ کی بیٹر بسمہ معروف نے اپنا ون ڈے ڈیبیو 2006 میں انڈیا کے خلاف کیا تھا اور 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 276 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ میچز ہیں۔ انہوں نے 6,262 بین الاقوامی رنز بنائے ہیں جن میں 33 نصف سنچریاں شامل ہیں اور دائیں ہاتھ کی لیگ اسپن سے 80 بین الاقوامی وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ میں نے اس کھیل سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس سے مجھے سب سے زیادہ پیار ہے۔ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے، جو چیلنجوں، فتوحات اور ناقابل فراموش یادوں سے بھرا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جنہوں نے شروع سے لے کر اب تک میرے پورے کرکٹ سفر میں میرا ساتھ دیا۔میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا۔ پی سی بی کی طرف سے تعاون انمول رہا ہے خاص طور پر میرے لیے پہلی بار پیرنٹل پالیسی کو نافذ کرنے میں، جس نے مجھے ماں ہوتے ہوئے اپنے ملک کی اعلیٰ سطح پر نمائندگی کرنے کے قابل بنایا۔

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ میں ان مداحوں کی تہہ دل سے مشکور ہوں جن کی غیر متزلزل حمایت میرے پورے کیریئر میں حاصل رہی۔ جہاں بھی اور جب بھی میں نے اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے انہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔ آخر میں، میں اپنی ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جو میرے لیے خاندان کی طرح بن گئے ہیں۔ ہم نے میدان کے اندر اور باہر جس دوستی کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایسی چیز ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گی۔

خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ ہم سب پاکستان خواتین کرکٹ میں بسمہ کی بے پناہ خدمات کے معترف ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہم بسمہ کے عزم اور ٹیم اور ملک کے لیے گراں قدر خدمات کے لیے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔میں بسمہ کی مستقبل کی کوششوں میں نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں اور دعا ہے کہ ان کا آگے کا سفر اتنا ہی فائدہ مند اور بھرپور ہو جتنا ان کا کرکٹ کریئر رہا ہے۔

اپنے شاندار کریئر کے دوران، بسمہ خواتین کی اس ٹیم کا حصہ تھیں جس نے 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں دو بار گولڈ میڈل جیتا تھا۔

بسمہ معروف نے 96 بین الاقوامی میچوں میں ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ انہوں نے آئی سی سی ویمنز پچاس اوورز ورلڈ کپ کے چار ایڈیشنز (2009، 2013، 2017 اور 2022) میں پاکستان کی نمائندگی کی، نیوزی لینڈ میں 2022 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے ٹیم کی قیادت بھی کی ۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بسمہ معروف نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آٹھ ایڈیشنز (2009, 2010, 2012, 2014, 2016, 2018, 2020, اور 2023) میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 2020 اور 2023 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے عالمی مقابلوں میں وہ ٹیم کی کپتان تھیں۔

ادھرویسٹ انڈیز وویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف پاکستانی وویمن کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی۔چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا فوری ایکشن

پاکستانی وویمن کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیاوویمن کرکٹ ٹیم کے لئے فوری طور پر 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل

سابق کرکٹرز عبدالرزاق۔ اسد شفیق۔ سابق وویمن کرکٹرز اسماویہ اقبال۔ مارینہ اقبال نئی سلیکشن کمیٹی میں شامل۔عبوری ہیڈ کوچ وویمن کرکٹ محتشم رشید۔ وویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور سابق کرکٹر بتول فاطمہ بھی سلیکشن کمیٹی کے اراکین ہوں گی

وویمن کرکٹ ٹیم کے لئے بہترین کوچ کا فوری انتخاب کےلیے احکامات جاری۔نئی سلیکشن کمیٹی کو فی الفور ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *