| | | |

ایشین گیمز،پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان

 

لاہور،24 اگست 2023،پی سی بی میڈیا ریلیز

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر قاسم اکرم کو ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں حصہ لینے والی پندرہ رکنی پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کردیا ہے۔19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے28 ستمبر سے7 اکتوبر تک چین کے شہر ہینگ زو میں منعقد ہونگے اور یہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت ہونگے۔

20 سالہ قاسم اکرم بیس فرسٹ کلاس میچز کے علاوہ چالیس ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیل چکے ہیں ۔ وہ گزشتہ سال انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر 19 کے کپتان تھے۔

اعلان کردہ پندرہ رکنی ٹیم میں آٹھ کھلاڑی وہ ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ان میں عامر جمال ( 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) ارشد اقبال ( ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) آصف علی ( 21 ون ڈے انٹرنیشنل اور 55 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) حیدرعلی ( 2 ون ڈے انٹرنیشنل اور 33 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) خوشدل شاہ ( 10 ون ڈے انٹرنیشنل اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) محمد حسنین ( 9 ون ڈے انٹرنیشنل اور 27 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) شاہنواز دھانی ( 2 ون ڈے انٹرنیشنل اور 11 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) اور عثمان قادر ( ایک ون ڈے انٹرنیشنل اور 23 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) شامل ہیں۔

عامر جمال ۔ عرفات منہاس۔ ارشد اقبال ۔ قاسم اکرم ۔ عمیر بن یوسف۔ روحیل نذیر۔ شاہنواز دھانی اور سفیان مقیم حالیہ دنوں میں پاکستان شاہینز کے ساتھ رہے ہیں ۔ مئی 2023سے پاکستان شاہینز نے زمبابوے ۔ سری لنکا اور آسٹریلیا کے دورے کیے ہیں۔ سری لنکا میں پاکستان شاہینز نے ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا اے کو108 رنز سے ہرایا۔ آسٹریلیا میں وہ ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں رنر اپ رہی جبکہ زمبابوے اے کے خلاف اس نے دونوں چار روزہ میچ جیتے البتہ ون ڈے سیریز میں اسے چار دو سے شکست ہوئی تھی۔

ایشین گیمز کے قواعدوضوابط کے مطابق پاکستان شاہینز کوارٹرفائنل سے آغاز کرے گی جو 3 اور 4 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔سیمی فائنلز 6 اکتوبر کو ہونگے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل 7 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان نے 2010 میں چین کے شہر گونگ زومیں ہونے والے ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

پاکستان شاہینز ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ قاسم اکرم ( کپتان ) عمیر بن یوسف ( نائب کپتان ) ۔ عامر جمال۔ عرفات منہاس۔ ارشد اقبال ۔ آصف علی۔ حیدرعلی۔ خوشدل شاہ ۔ مرزا طاہر بیگ۔ محمدحسنین۔ محمد اخلاق۔ روحیل نذیر۔ شاہنواز دھانی۔ سفیان مقیم اور عثمان قادر۔

نان ٹریولنگ ریزرو میں عبدالواحد بنگلزئی ۔مہران ممتاز۔ محمد عمران جونیئر۔ محمد عرفان خان نیازی اور مبصرخان شامل ہیں۔
پلیئر سپورٹ اسٹاف ان افراد پر مشتمل ہے۔ شاہد اسلم ( ہیڈ کوچ اور منیجر) عمر رشید ( بولنگ کوچ ) حنیف ملک ( بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ ) اور حافظ نعیم الرسول ( فزیو تھراپسٹ )

 

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *