حیدر آباد ۔کرک اگین رپورٹ۔پیش گوئی سچ ، ویسٹ انڈیز نے بھارت کو چوتھے ٹی 20 میں ہرا دیا،سیریز برابر۔تازہ ترین کرکٹ خبر۔
ویسٹ انڈیز نے زبردست واپسی کرتے ہوئے وہ کر دکھایا جس کی امید کی جا رہی تھی۔ کرکٹ بریکنگ نیوز یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز نے بھارت کو چوتھے ٹی 20 میچ میں 24 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی ہے۔ حیدرآباد میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ کے بعد اب سیریز کا فائنل میچ ہی فیصلہ کن معرکہ بن چکا ہے، جہاں چیمپئن کا فیصلہ ہوگا۔ کرکٹ اپ ڈیٹ کے مطابق بھارت نے ٹاس جیت کر پچ کی صورتحال کو نظر انداز کیا اور ماضی کی روایات پر چلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، حالانکہ وقت گزرنے کے ساتھ اس پچ پر بیٹنگ مشکل ہونی تھی۔
میچ رزلٹ اور ماہرانہ رائے ٹاس کے وقت ہی ہمارے سوشل میڈیا پیج پر یہ رائے اور پیش گوئی شیئر کر دی گئی تھی کہ بھارت یہاں بڑی غلطی کر رہا ہے۔ تصویر میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹاس انڈیا کا۔ فیصلہ پرانا مگر نتیجہ گزشتہ میچ والا ممکن۔ کیونکہ گراؤنڈ میں کچھ ایسی باتیں ہو رہی تھیں جن سے صاف ظاہر تھا کہ جیسے ویسٹ انڈیز تیسرا میچ ہارا تھا، ویسے ہی بھارت اس چوتھے میچ میں پھنس جائے گا۔ میچ کا نتیجہ بالکل ہماری اسی پیش گوئی کے عین مطابق رہا۔
ویسٹ انڈیز کا آغاز انتہائی دھواں دار رہا اور اوپنرز نے صرف 4.1 اوورز میں 52 رنز کی شراکت قائم کی۔ جیول اینڈریو 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شمرون ہیٹمائر نے 12 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ رومن پاول بھی 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ایک اینڈ پر کپتان شائی ہوپ جمے رہے، جنہوں نے شیرفین ردرفورڈ کے ساتھ مل کر بھارتی بولرز کی وہ دھلائی کی کہ چوتھی وکٹ کے لیے صرف 43 گیندوں پر 91 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ بنا ڈالی۔ شائی ہوپ نے شاندار سینچری اسکور کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 9 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ردرفورڈ نے بھی 26 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کے ساتھ 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 247 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بورڈ پر سجا دیا۔
بھارت کا جواب بھی کافی تگڑا تھا اور انہوں نے 4 اوورز میں ہی 60 رنز بنا ڈالے۔ سنجو سیمسن نے 23 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ ان کے آؤٹ ہوتے ہی بھارتی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ ایشان کشن 6 رنز اور کپتان شریاس 16 رنز بنا کر جلدی آؤٹ ہو گئے۔ اس مشکل وقت میں نتیش کمار ریڈی اور تلک ورما نے چھٹی وکٹ کے لیے بہترین شراکت قائم کی اور اسکور کو 130 سے 200 رنز تک لے گئے۔ تلک ورما 25 گیندوں پر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو میچ کا سب سے بڑا ڈرامہ 19ویں اوور میں شروع ہوا۔ ویسٹ انڈیز کے بولر کیمو پاؤل نے اس اوور میں 3 وکٹیں لے کر بھارت کی کمر توڑ دی، حالانکہ وہ ہیٹ ٹرک سے چوک گئے۔ نتیش کمار ریڈی بھی 41 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔
بھارت کی اننگ اس وقت ختم ہوگئی جب ارشدیپ سنگھ 5 رنز پر کہنی کی تکلیف کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے، جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم 19.3 اوورز میں 223 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور 3 گیندیں پہلے ہی میچ ہار گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمو پاؤل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 41 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے کیریئر میں دوسری مرتبہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں 5 وکٹیں لینے کا اعزاز ہے۔
