| | | | | | |

ویمنز پی ایس ایل کی منظوری،کمنٹری ٹیم فائنل،پاکستان کپ کا پہلا دن

کرک اگین رپورٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے سال 2023 سے ویمنز پی ایس ایل کی منظوری دے دی ہے۔اس طرح پاکستان سپر لیگ ویمنز ایونٹ کا پہلا ایڈیشن اگلے سال ہوگا۔رمیز راجہ نے چیئرمین پی سی بی بنتے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ انڈر 19 پی ایس ایل اور ویمنز پی ایس ایل کروائیں گے۔

 

پاکستان کپ میں ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے ناردرن کو 2 وکٹوں سے ہرادیا. اوپنر عمر امین کی سنچری رائگاں گئی. فاتح ٹیم نے 276 رنز کا ہدف 5 گیندیں قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. وکٹ کیپر بیٹر بسم اللہ خان 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 84 رنز بنا کر نمایاں رہے. نوجوان اوپنر حسیب اللہ نے 40 رنز اسکور کیے. عماد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا. اس سے قبل ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے. اوپنر عمر امین نے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 116 رنز کی اننگز کھیلی. مبصر خان نے 43 رنز اسکور کیے. عاکف جاوید نے 60 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی.

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو ڈی ایل ایس میتھ کے تحت ایک وکٹ سے ہرادیا. پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی. عامر یامین 35 رنز بنا کر نمایاں رہے. میر حمزہ نے 4 اور ابرار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں. جواب میں سندھ نے 23 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا. ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت سندھ کو فاتح قرار دیا گیا۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن خیبر پختونوخواہ نے سینٹرل پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی. دفاعی چیمپئن نے 216 رنز کا ہدف 42.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. وقار احمد نے 68 اور کامران غلام نے 56 رنز کی اننگز کھیلی. عثمان قادر نے 2 وکٹیں حاصل کیں. اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے تھے. احمد شہزاد نے 35 رنز بنائے. خالد عثمان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز کے لیے سابق کھلاڑیوں اور ممتاز کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان میں 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بھی شامل ہے۔

انگلینڈ کے راب کی، آسٹریلیا کے مائیکل کیسپرووچ ، پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس، بازید خان اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز پر مشتمل پینل دونوں ممالک کے مابین 24 سال بعد 4 مارچ سے 5 اپریل تک پاکستان میں کھیلی جانے والی سیریز میں کمنٹری کرے گا۔

آسٹریلیا کے سابق اوپنر سائمن کیٹچ صرف بینو قادر ٹرافی میں کمنٹری کریں گے۔ یہ ان کا اور مائیکل کیسپرووچ کا پاکستان میں کمنٹری ڈیبیو ہوگا۔اس کے علاوہ زینب عباس اور سکندر بخت پری میچ اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کریں گے۔پرزینٹر نیرولی میڈوزصرف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب ہوں گی۔

ایونٹ کی کوریج کے دوران کُل 28 ایچ ڈی کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔اس دوران ڈی آر ایس کے لیے ہاک آئی اور ایلٹرا ایج کیمروں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔

پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ اس سیریز کے تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس ، پاکستان کے علاوہ جنوبی ایشیاء میں سونی،آسٹریلیا میں فوکس اسپورٹس، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اتصالات، کیریبین میں فلو اسپورٹس، نیوزی لینڈ میں اسکائے نیوزی لینڈ، یوکے میں اسکائے اسپورٹس، سب سہارا افریقہ میں سپر اسپورٹس اور شمالی امریکہ میں ولو ٹی وی پر براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سیریز کے تمام میچز آئی سی سی ٹی وی اور درازلائیو اسٹریم ایپ پر بھی نشر کیے جائیں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *