| | | | | |

بسمعہ معروف کی بیٹی کو پروانہ جاری،کپتان کے نئے تاثرات

 

کراچی، 31 مئی 2022ء،پی سی بی میڈیا ریلیز،کرک اگین رپورٹ

بسمعہ معروف کو کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ نے رعایت دےدی،ان کی بچی اور دیکھ بھال کے لئے ساتھ میں والدہ کو بھی کامن ویلتھ ویلج میں رہنے کا پروانہ جاری ہوا ہے۔اس سے قبل انکار تھا۔

دوسری جانب قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف سری لنکا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بھی جیت کا تسلسل برقرار رکھنےکے لیے پرامید ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیموں کے مابین تین میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز ساؤتھ اینڈ کلب کراچی میں کھیلی جائے گی۔

سیریز میں شامل تینوں میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔یہ میچزیکم ، تین اور پانچ جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب پاکستان میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان نے مہمان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل پر مشتمل سیریز میں کلین سوئیپ کیا تاہم ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں سری لنکا ویمنز کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کھیلے گئے 30 میں سے 21 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کررکھی ہے۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ دسمبر 2005 میں مدمقابل آئیں تھیں، جہاں مہمان اسکواڈ ہی کامیاب ٹھہرا تھا۔

بسمہ معروف، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:

قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں عمدہ کارکردگی کے بعد اب ان کی تمام تر توجہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل ان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مرکوز ہے۔انہیں خوشی ہے کہ چیمپئن شپ میں مزید دو ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے بنگلہ دیش اور آئرلینڈ میں ویمنز کرکٹ کو فروغ ملے گا۔

بسمہ معروف نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شریک دیگر ٹیموں کی طرح ان کا مقصد بھی آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2025 میں براہ راست رسائی حاصل کرنا ہے۔ اسکواڈ میں سدرہ امین ، ندا ڈار اور عالیہ ریاض جیسی سینئر کرکٹرز سمیت جونیئر کھلاڑیوں کا بھی امتزاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ انعم امین نے ٹی ٹونٹی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثناء کی موجودگی سے باؤلنگ اٹیک مزید مضبوط ہوتا ہے۔

چماری اتاپتو، کپتان سری لنکا خواتین کرکٹ ٹیم:

چماری اتا پتو کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ٹی ٹونٹی سیریز میں مہمان اسکواڈ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا تاہم یہ ایک نیا فارمیٹ ہے اور وہ ایک نئے عزم کے ساتھ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کاآغاز کریں گی۔

چماری اتا پتو نے کہا کہ سری لنکا نے اب تک مثبت کھیل پیش کرنے کی کوشش کی ، انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے نئی منصوبہ بندی کر رکھی ہے، جس پر عملدرآمد کریں گے۔ یہ سیریز ان کی رینکنگ بہتر کرنے کے لیے بھی بہت اہم ہے۔

یہ تینوں میچزپی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر ہوں گے، جو صبح 9:30 بجے شروع ہوا کریں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *