| | | | | | |

دوسرا ون ڈے آج،پاکستان کے پاس ایک تیر سے 3 شکار کا چانس

ملتان،کرک اگین نمائندہ خصوصی

دوسرا ون ڈے آج،پاکستان کے پاس بھارت اور آسٹریلیاکو بھی پچھاڑنے کا سنہری موقع۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز دوسرے ایک روزہ میچ کے لئے آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہونگے۔جمعہ 10 جون کو ہونے والا میچ ایک اور گرم ترین شو ہوگا،جس میں سورج کی حدت کے ساتھ گرمی کا احساس کہیں زیادہ ہوگا۔محکمہ موسمیات نے جمعہ کو 43 ڈگری سینٹی گریڈ کی ہپیش گوئی کی ہے۔

گرین کیپس پہلا میچ جیت کر 2 ماہ کے آرام یا تعطل کے خیال کو رفع کرچکی ہے ،ادھر مہمان ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں 300 سے زائد اسکور کرکے اپنے عزائم  واضح کئے ہیں۔بعد میں اس نے اپنی بائولنگ کے ساتھ میچ کو یاد گاربنانے کی اچھی کوشش کی جو آخر میں خوشدل شاہ نے ناکام بنادی ۔

ملتان میں پڑنے والی گرمی کی وجہ سے دونوں ٹیموں نے جمعرات کا شیڈول ٹریننگ سیشن منسوخ کردیا تھا،کھلاڑیوں نے مقامی ہوٹل میں ایکسرسائز کی اور ہلکی پھلکی پریکٹس بھی کی۔

گرم ترین موسم میں وکٹ سے بڑا فائدہ ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے،اس لئے اب یہاں 2 باتیں ہوتی ہیں۔پہلی یہ کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کریں اور فیلڈ میں جانے سے بچیں۔دوسری بات یہ ہے کہ پہلے فیلڈنگ کی جائے اور رات میں ٹی 20 طرز میں مار دھاڑ کرکے میچ جیتا جائے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ آدھی رات کو بھی اوس فیکٹر نہیں ہے۔ویسٹ انڈیز کا پہلے میچ کا تجربہ ناکام تھا لیکن اسے بہتر یوں بنایا جاسکتا ہے کہ پہلے  بیٹنگ والی ٹیم 350 کے قریب اسکور کرے۔

مہمان ٹیم کا دوسرا مسئلہ اس کی بائولنگ کا ہے،جیسن ہولڈر سمیت 2 اہم نام پاکستان میں نہیں آئے ہیں،اس لئے میزبان ٹیم اس سے فائدہ اٹھائے گی۔

جمعہ کے میچ میں پاکستانی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ویسٹ انڈیز ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے۔

بابر اعظم کے پاس جمعہ کو ایک اور ریکارڈ بنانے کا موقع

پاکستان کے پاس ایک تیر سے 3 شکار کا چانس ہے۔آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں پاکستان کے لئے یہ میچ اہم ہے۔اس وقت وہ 7 ویں پوزیشن پر ہے،آج جمعہ کا میچ اگر اس نے جیت لیا تو اس کے 80 پوائنٹس ہوجائیں گے۔پاکستان کے پاس آج موقع ہے کہ وہ آسٹریلیا اور بھارت ہی نہیں بلکہ ویسٹ انڈیز کو بھی پچھاڑ کر چوتھے نمبر پر آجائے۔بھارت 79 پوائنٹس کے ساتھ 5 ویں اور آسٹریلیا کے 70 پوائنٹس ہیں اور وہ چھٹے نمبر پر اس لئے ہے کہ اس نے پاکستان سے ایک میچ کم کھیلا ہے۔پاکستان جب آج جیتے تو وہ آسٹریلیا کے 70 اور بھارت کے 79 کو پھلانگتا ہوا 80 پوائنٹس پر جائے گا۔ویسٹ انڈیز کے بھی 80 پوائنٹس ہیں،اس کا آج 20 واں میچ اور پاکستان کا 14 واں ہوگا،یوں کم میچزکے باعث پاکستان شرح میں ویسٹ انڈیز سے اوپر چلا جائے گا۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم کے پاس آج ایک اور ریکارڈ قائم کرنے کا موقع ہے۔اگر وہ آج سنچری کرگئے تو سری لنکا کے کمار سنگا کارا کی مسلسل 4 سنچریز کا ریکارڈ برابر کردیں گے۔ان کے علاوہ کوئی بھی مسلسل 4 ایک روزہ سنچریز نہیں بناسکا ہے۔

جمعہ کے میچ کے لئے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں تمام ٹکٹیں فروخت ہوگئی ہیں۔مقامی چھٹی کے باعث اس بار اسٹیڈیم بہت جلد پیک ہوجائے گا۔سکیورٹی بھی بہت سخت ہوگی۔کرکٹ فینز کو گرائونڈ لانے اور واپس پہنچانے کے لئے سرکاری بسیں موجود ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *